1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوپل کار ساز ادارے کے بچاؤ کا پلان

عابد حسین ⁄ مقبول ملک30 مئی 2009

جرمنی میں امریکی کار ساز ادارے جنرل موٹرز کی ذیلی کمپنی اوپل کو مالی مشکلات سے نکالنے کے حوالے سے ایک معاہدے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ کنیڈا کا میگنا انٹرنیشنل ادارہ روسی سرکاری بینک کی مدد سے اِس سمجھوتے میں پیش ہے۔

https://p.dw.com/p/I0ad
جرمن شہر بوخم میں اوپل ورکس کی چھت پر لگا کمپنی لوگوتصویر: AP

جرمنی میں امریکی کار ساز ادارے جنرل موٹرز کی ذیلی کمپنی اوپل کو مالی مشکلات کے اندھیروں میں روشنی کی کرن دکھائی دی ہے۔ اس سلسلے میں جرمن وزیر مالیات پیئر شٹائن برُوک نے برلن حکومت اور کینیڈا سے تعلُق رکھنے والے کاروں کے پُرزے بنانے والے ادارے میگنا انٹرنیشنل کے مابین ایک معاہدے کی تصدیق کردی ہے۔

ابھی اس معاہدے پر حتمی دستخط ہونا باقی ہیں۔ یہ عمل اگلے پانچ ہفتوں میں مکمل ہو جانے کی توقع ہے۔ تب تک سب کچھ واضح ہو جانے گا کہ خدشات اور ممکنہ خطرات کے تناظر میں فریقین کس حد تک سرمایہ کاری کا اندازہ لگاتے ہوئے درپیش بہت سے مشکل معاملات کو کیسےحل کرتے ہیں۔

Opel Werk in Bochum PANO
بوخم میں واقع اوپل فیکٹری کو جاتے ملازمینتصویر: AP

فی الحال کہا جاسکتا ہے کہ اوپل پرفوری دیوالیہ پن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ دوسری جانب اوپل کے مالک امریکی ادارے جنرل موٹرز کی جانب سے آئندہ پیر یعنی پہلی جون کو دیوالیہ پن کی درخواست دئے جانے کا امکان ہے۔

جرمن حکومت اوپل کو امداد کے طور پر اربوں یورو کا قرضہ فراہم کرے گی۔ اِس معاہدے کی اوپل کے مالک امریکی ادارے جنرل موٹرز کی جانب سے حتمی توثیق ابھی باقی ہے۔ اگر جنرل موٹرز نے اِسے مسترد کر دیا تو سب کچھ ختم ہو سکتا ہے۔

Koch Guttenberg Steinbrück Opel
جرمن وزیر خزانہ پیئر شٹائن بروک، اوپل کار ساز ادارے کے پچاؤ کا پلان عام کرتے ہوئے۔تصویر: AP

اس معاہدے کی تین سمتیں بتائی گئی ہیں۔ پہلی یہ کہ اوپل کے لئےایک ٹرسٹی شپ قائم کی جائے گی جو اِس ادارے کو جنرل موٹرز کی جانب سے دیوالیہ پن کی درخواست جمع کروانے کے بعد تحفظ فراہم کرے گی، دوسری قرضے کی ضمانت اور تیسری اس فرم کے واجبی قرضے چکانے تک امدادی قرضوں کا تسلسل۔

اِس مناسبت سے جرمن حکومت کی جانب سے اوپل کی ساکھ بچانے کے لئے امکاناً ساڑھے چار ارب یورو تک کی مالی ضمانت دئے جانے کا امکان ہے۔ فوری طور پرڈیڑھ ارب یورو عارضی بنیادوں پر مختص کئے جائیں گے تا کہ اوپل اپنی شناخت برقرار رکھ سکے۔ دوسری جانب کاروں کے پرزے بنانے والے ادارے میگنا انٹرنیشنل کی جانب سے سات سو ملین یورو اس بیمار کار ساز ادارے کو بچانے کے لئے فراہم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

Arbeiter im Opelwerk Eisenach
جرمنی میں تیار شدہ اوپل گاڑی کا ایک ماڈلتصویر: AP

معاہدے سے اِس امکان میں اضافہ ہوا ہے کہ اب اِس نام کی کار یورپی سڑکوں پر بدستور دکھائی دے گی۔ اِس کے علاوہ ہزاروں افراد روزگار کے ساتھ جڑے رہیں گے۔ میگنا انٹرنیشنل کے اِس کاروباری ہدف کو اہم روسی سرکاری بینک Sberbank کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اِس سمجھوتے کے تحت روسی کار ساز ادارہ گاز، روس میں اوپل گاڑیاں بنانے کی صنعت کا آغاز کرے گا۔ جرمنی میں اوپل کار ساز ادارے میں پچیس ہزار افراد ملازم ہیں۔ اِس معاہدے کے تحت امکاناً اِن میں سے ڈھائی ہزار افراد ملازمتوں سے فارغ کئے جا سکتے ہیں۔

میگنا انٹرنیشنل کے ساتھ حتمی معاملات جب طے پا جائیں گے تو اوپل کے 35 فی صد حصص بدستور جنرل موٹرز کے تصرف میں رہیں گے۔ صرف دس فی صد کا دعوے دار خود اوپل کا ادارہ ہو گا جبکہ کینیڈا کے ادارے میگنا کے پاس بیس فی صد اور روسی بینک Sberbank کے پاس 35 فی صد حصص ہوں گے۔

قرضے دینے والے بڑے اور اہم سرکاری روسی بینک Sberbank کے سربراہ German Gref نے اِس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اِس معاہدے سے روس میں کارسازی کی صنعت کو بڑی تقویت حاصل ہو گی اور وفاقِ روس میں سستی اور جدید کار ٹیکنالوجی کے متعارف کروانے سے کار انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو گا۔ اِس کاروباری سمجھوتے پر روسی بینک کے سربراہ نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

Arbeiter im Opelwerk Rüsselheim
جرمن شہر رؤسل ہائیم میں واقع مرکزی فیکٹری میں کار سازی میں شریک ایک ملازمتصویر: picture alliance/dpa

میگنا کے ساتھ معاہدے پر جہاں جرمن وزیر مالیات پیئر شٹائن برُوک کی جانب سے اطمینان سامنے آیا ہے وہیں جرمن وزیر اقتصادیات کارل تھیوڈور سوگٹن برگ کے اوپل کے مالی معاملات کو حل کرنے کے حوالے سے تحفظات بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ جرمن وزیر تمام پیچیدگیوں کے باوجود اوپل کے باقاعدہ انداز میں دیوالیہ قرار دیئے جانے کا حق میں ہیں۔ جرمن وزیر اقتصادیات کا خیال ہے کہ میگنا کے ساتھ مالی پُل استوار کر کے ایک ٹرسٹی شپ قائم کرنے سے ممکنہ خطرات کو معدوم نہیں کیا جا سکتا۔ اُن کے خیال میں موجودہ حالات میں شاید یہ اوپل کے لئے بہتر ہے۔

جرمنی میں الیکشن سے چار ماہ قبل روسی بینک کے حمایت یافتہ ادارے کی اوپل کار ساز ادارے کی خرید میں دلچسپی اور پھر معاہدےکو معنی خیز انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔ اوپل کی خرید میں اطالوی کار ساز ادارہ Fiat بھی پیش پیش تھا لیکن اُس نے جمعہ کے روز سرمایہ کاری میں غیر ضروری خطرات کے تناظر میں اس بارے میں اپنی تمام کوششیں ختم کردی تھیں۔

امریکی کار ساز ادارے جنرل موٹرز کے پورے یورپ میں ملازمین کی تعداد 55 ہزار کے قریب ہے جن میں سے اسپین میں سات ہزار، برطانیہ میں واکسہال کمپنی میں سینتالیس سو، سویڈن میں چار ہزار، پولینڈ میں چھتیس سو، بیلجیئم میں چھبیس سو اور اٹلی میں اٹھارہ سو افراد جنرل موٹرز کے لئے کام کرتے ہیں۔ اگر میگنا انٹرنیشنل کے ساتھ معاہدے کی جملہ تفصیلات طے پا گئیں تو دس ہزار ملازمین کے فارغ کئے جانے کا امکان ہے۔

دریں اثناء وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اوپل کے بارے میں میگنا اور جنرل موٹرز کے ساتھ اب تک طے پانے والے اتفاق رائے کے بارے میں کہا ہے کہ یہ معاہدہ بحر اوقیانوس کے آرپار کے تعلقات کے لئے ایک بڑے امتحان کی حیثیت رکھتا ہے۔