1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايٹمی فضلے کو ذخيرہ کرنے کے خلاف جرمنی ميں احتجاج

25 نومبر 2011

فرانس ميں ری پروسيسنگ کے بعد جرمنی کے ايٹمی فاضل مادوں کو جرمنی واپس لانے والی ٹرين آج جمعہ کو جرمنی ميں داخل ہو گئی۔ اُس کی منزل شمالی جرمنی کے شہر ڈانن برگ کے قريب واقع گورليبن کا ايٹمی فضلے کا گودام ہے۔

https://p.dw.com/p/13HQm
فرانس ميں ريلوے ملازمين ايٹم مخالفين کی طرف سے خراب کر دی جانے والی ريلوے لائن کی مرمت کر رہے ہيں
فرانس ميں ريلوے ملازمين ايٹم مخالفين کی طرف سے خراب کر دی جانے والی ريلوے لائن کی مرمت کر رہے ہيںتصویر: dapd

مخالفين کا کہنا ہے کہ ہزاروں سال تک خطرناک ايٹمی تابکاری خارج کرنے والے مادوں کو ذخيرہ کرنے کا يہ گودام محفوظ نہيں ہے۔ اس ٹرين کو اپنے جرمنی کی طرف سفر کے دوران فرانس ميں بھی ايٹمی ٹيکنالوجی کے مخالفين کی جانب سے پيدا کی جانے والی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر ريلوے لائنوں کونقصان بھی پہنچايا گيا۔

ايٹمی فضلے کو ری پروسيسنگ کے بعد فرانس سے جرمنی واپس لانے کا يہ کام ہر سال انجام پاتا ہے اور ہر سال اس کے خلاف مظاہرے ہوتے ہيں۔ جاپان ميں فوکوشيما کے ايٹمی بجلی گھر کی تباہی کے بعد جرمن حکومت نے ملک کے تمام ايٹمی بجلی گھروں کو سن 2022 تک بند کر دينے کا فيصلہ کيا ہے۔ اس کے بعد سے فرانس سے ايٹمی تابکار مادوں کے جرمنی لائے جانے کا يہ پہلا موقع ہے۔ پوليس کا کہنا ہے کہ اس حکومتی فيصلے کی وجہ سے اس سال جرمنی ميں مظاہرين کی تعداد پچھلے سال کے مقابلے ميں کم ہو گی۔ اس کے باوجود 20 ہزار کے قريب پوليس اہلکاروں کو اس ٹرانسپورٹ کی حفاظت پر مقرر کيا گيا ہے۔

فرانس: نارمنڈی کے قريب ايٹمی بجلی کے مخالفين ريلوں لائن پر رکاوٹيں کھڑی کرنے کے بعد
فرانس: نارمنڈی کے قريب ايٹمی بجلی کے مخالفين ريلوں لائن پر رکاوٹيں کھڑی کرنے کے بعدتصویر: dapd

متعلقہ حکام کو ابھی يہ فيصلہ کرنا ہے کہ اس قسم کے انتہائی خطرناک ايٹمی فضلے کو مستقل طور پر کہاں اس طرح ذخيرہ کيا جا سکتا ہے کہ ہزاروں برس تک تابکار رہنے والا اس ايٹمی مادے کی مہلک تابکاری کو کسی زلزلے وغيرے کی صورت ميں گودام کو نقصان پہنچنے کے نتيجے ميں بھی باہر کی فضا ميں خارج ہونے سے روکے رکھے۔ مخالفين کا کہنا ہے کہ گورليبن کا گودام اس کے ليے غير موزوں اور غير محفوظ ہے۔

جرمن پوليس نے جمعرات اور جمعہ کی شب کے دوران ايٹمی فضلے سے لدی ٹرين کا راستہ روکنے کی کوشش کرنے والے مظاہرين پر پائپوں سے پانی پھينکا۔ فرانس ميں پوليس نے بدھ کے روز ايٹمی پاور پلانٹس کے مخالفين پر آنسو گيس پھينکی تھی۔

جرمنی ميں ايک پوليس اہلکار ايٹمی فضلہ لے جانے والی ٹرين کی نگرانی کرتے ہوئے
جرمنی ميں ايک پوليس اہلکار ايٹمی فضلہ لے جانے والی ٹرين کی نگرانی کرتے ہوئےتصویر: picture alliance / dpa

فرانس کے صدر سارکوزی نےجمعے کو کہا کہ اُن کے ملک کے ايٹمی بجلی پر انحصار کو کم کرنا ديوانگی ہو گی۔ خاص طور پر فوکوشيما کے حادثے کے بعد دوسرے ممالک ايٹمی توانائی کو ترک کرنے کا فيصلہ کر رہے ہيں ليکن فرانس ابھی تک ايٹمی بجلی کا ايک بہت مضبوط گڑھ بنا ہوا ہے، جہاں ملکی ضرورت کی تين چوتھائی بجلی ايٹمی توانائی سے پيدا ہوتی ہے۔ کوئی بھی اور ملک اپنی ضرورت کی بجلی کا اتنا بڑا حصہ ايٹمی توانائی سے پيدا نہيں کرتا۔ اپريل ميں دوبارہ صدر منتخب ہونے کے اميد وار سارکوزی کا کہنا ہے کہ نيو کلئير انرجی کو ترک کرنے سے روز گار کے مواقع تباہ ہو جائيں گے۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں