1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اِنویکٹس: نیلسن مینڈیلا پر فلم ریلیز

14 دسمبر 2009

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت کی نوبل انعام یافتہ شخصیت نیلسن مینڈیلا پر ہالی ووڈ میں بنائی گئی پہلی فلم امریکہ، کینیڈا اور جنوبی افریقہ میں ریلیز ہو گئی ہے۔ اِسے شائقین کی جانب سے پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/L1al
نیلسن مینڈیلاتصویر: AP

ہالی ووڈ کے مشہور اداکار و ہدایتکار کلنٹ ایسٹ ووڈ کی نئی فلم اِن وِکٹس (Invictus) عام نمائش کے لئے امریکہ میں پیش کردی گئی ہے۔ اِن وِکٹس لاطینی زبان کا لفظ ہے اور اِس کے معنی ناقابلِ تسخیر کے ہیں۔ کلنٹ ایسٹ ووڈ بین الاقوامی اہمیت کے حامل ہدایتکار ہیں اور وہ آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکار ہیں۔ آسکر ایوارڈ کے لئے وہ بطور اداکار کئی بار نامزد بھی ہو چکے ہیں۔ وہ ماضی میں ایکشن فلموں کی وجہ سے بھی شہرت پا چکے ہیں۔

یہ فلم معروف عالمی شخصیت نیلسن مینڈیلا کے ایک پہلو کا احاطہ کرتی ہے۔ یہ اُس دور کے بارے میں ہے جب جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز کی پالیسی کو ختم کیا جا چکا تھا اور مینڈیلا پہلے جمہوری صدر بن چکے تھے۔ انہوں نے اپنی سفید اور سیاہ فام قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کی کوشش کی۔

Morgan Freeman
نیلسن مینڈیلا کا کردار ادا کرنے والے مورگن فری مینتصویر: AP

فلم کی کہانی جان کارلین کی کتاب ’دشمن سے کھیلنا اور نیلسن مینڈیلا: ایک کھیل جس نے قوم بدل دی‘یا Playing The Enemy: Nelson Mandela And The Game That Changed a Nation سے ماخوذ ہے۔ اِس فلم میں نیلسن مینڈیلا کی جیل سے رہائی الیکشن میں بطور صدر منتخب ہونے کے بعد رگبی کے کھیل کے ذریعے عالمی کپ کو جیتنے میں اُن کی کوششوں کو سمویا گیا ہے۔ فلم میں مینڈیلا کی رگبی ٹیم کا کپتان ایک سفید فام دکھایا گیا ہے۔

اِن وِکٹس فلم میں نیلسن مینڈیلا کا کردار ہالی ووڈ کے ایک انتہائی معتبر اداکار مورگن فری مین نے ادا کیا ہے۔ مورگن فری مین ڈائیلاگ ڈلیوری میں اپنی تحکمانہ اور انتہائی عمدہ ادائیگی کی وجہ سے ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ وہ بھی آسکر ایوراڈ یافتہ اداکار ہیں۔ نیلسن مینڈیلہ کے کردار میں اُن کا انداز انتہائی حلیمانہ مگر اُس میں کچھ حاصل کرنے کی قوت کو نبھانا اہم ہے۔

کلنٹ ایسٹ ووڈ کی فلم اِن وِکٹس میں جنوبی افریقہ کی رگبی ٹیم کے کپتان کا کردار ایک اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار میٹ ڈامن نے ادا کیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ میٹ ڈامن کو آسکر ایوارڈ ایک فلم کا سکرین پلے لکھنے پر دیا گیا تھا۔

فلم کے ناقدین کا خیال ہے کہ اِن وِکٹس فلم میں تاریخ نگاری کو عمدگی سے سمویا گیا ہے۔ تاریخی حقائق کو جذباتیت اور ثقافتی اثرات کے تانے بانے کے ساتھ جوڑنے کا انداز انتہائی شاندار ہے۔ فلم میں کئی واقعات کی تفصیلات کو کامیابی سے سلولائیڈ پر منتقل کیا گیا ہے۔ کلنٹ ایسٹ ووڈ نے ایک مشکل موضوع کو بے مثال مہارت کے ساتھ فلم کے پردے پر پیش کرنے کی جو کوشش کی ہے وہ بلا شبہ تعریف کے لائق ہے۔

77. Oscar-Verleihung - Zwei Oscars für Clint Eastwood
نیلسن مینڈیلا پر بننے والی فلم کے ہدایتکار پروڈیوسر کلنٹ ایسٹ ووڈتصویر: dpa

جان کارلین کی کتاب کو فلم کے انداز میں پیش کرنے کے حوالے سے کلنٹ ایسٹ ووڈ اپنی پروڈکشن ٹیم کے ساتھ کتاب کے مصنف جان کارلین کو ملنے ہسپانوی شہر بارسلونا بھی گئے جہاں کئی دِن اِس مناسبت سے بات چیت جاری رہی۔ اِسی طرح کئی اداکاروں کے چناؤ میں وہ کافی عرصہ مختلف اداکاروں کا ٹیسٹ بھی لیتے رہے۔

فلم کا پریمیئر کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلیز کے علاقے بیورلی ہلز میں تین دسمبر کو ہوا۔ جنوبی افریقہ، کینیڈا اور بقیہ امریکہ میں بھی اِس کی نمائش گیارہ دسمبر سے جاری ہے۔ بیشتر یورپی ملکوں میبں یہ فلم اگلے سال عام نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔ جرمنی میں فلم اِن وِکٹس اٹھارہ فروری کو عام نمائش کے لئے سینما گھروں پر ریلیز کی جائے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ