1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی میں رومانو پروڈی کی انتخابی فتح

11 اپریل 2006

اٹلی میں اتوار اور پیر کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج سامنے آ گئے ہیں اور بائیں بازُو کی اپوزیشن جماعتوں کے اعتدال پسند اتحاد نے برسر اقتدار پارٹی کو شکست دے دی ہے۔ سرکاری نتائج کے مطابق رومانو پروڈی کی قیادت میں جیتنے والے سیاسی اتحاد کو بہت معمولی فرق سے کامیابی ملی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYM2
تصویر: AP

سرکاری نتائج کے مطابق برسر اقتدار جماعت کو ایوان زیریں میں49,7 فیصد جبکہ بائیں بازُو کے اِتحاد کو 49,8 فیصد ووٹ ملے ہیں۔یہ اِنتخابات متناسب نمائندگی کی بنیادوں پر ہوئے۔ انتخابات میں رائے دہندگان کی شرکت کا تناسب 83 فی صد کے قریب رہا۔

تاحال انتخابی نتائج کے بعد نئے انتخابی قواعد کی رُو سے 630 نشستوں والے ایوانِ زیریں میں یورپی کمیشن کے سابق صدر رومانو پروڈی کو ، جو اِس سے پہلے 1996ءسے لے کر 1998ءتک بھی اٹلی میں سربراہِ حکومت رہ چکے ہیں ، مطلوبہ 341 نشستیں مل جائیں گی جو حکومت بنانے کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کریں گی۔ موجودہ وزیر اعظم سلویو بیرلسکونی کو 277 نشستیں ملیں گی۔ بارہ نشستوں پر کوئی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

دارالحکومت روم کے وَسط میں اپنے مداحوں کے ہجوم میں رومانو پروڈی نے اعلان کیا کہ آج تاریخ کا نیا ورق اُلٹ دیا گیا ہے اور وہ اور اُن کے ساتھی اگلے پانچ برس تک قائم رہنے والی حکومت تشکیل دیں گے۔

پروڈی نے کہا کہ وہ اٹلی میں ایک مضبوط حکومت قائم کریں گے ، جس کی پالیسیوں کا مرکز و محور یورپ ہو گا۔ اُنہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ تعمیری روابط کو استحکام دیں گے اور امید کرتے ہیں کہ مالی منڈیاں اُن کی قیادت پر یقین رکھیں گی۔

پروڈی کے کامیابی کے دعوے کو وزیر اعظم سِلویو برلسکونی نے مسترد کر دیا ہے۔ اُن کے ترجمان Bonaiuti نے کہا کہ جیت میں صرف پچیس ہزار ووٹوں کا فرق ہے اور اِس معمولی فرق کے تناظر میں وہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کریں گے۔

حالیہ اِنتخابات میں اطالوی معیشت انتخابی مہم کا مرکزی موضوع رہا اور ویسے بھی سلویو بیرلسکونی کے دور میں اطالوی اِقتصادیات میں سست روی کی کیفیت نے زندگی کے سبھی طبقوں میں بے چینی پیدا کر دی تھی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پروڈی کی حکومت قائم تو ہو سکتی ہے لیکن اگر وہ کمزور اطالوی معیشت کو تحریک دینے میں ناکام رہے تو حالات تیزی کے ساتھ اُن کے خلاف بھی جا سکتے ہیں۔

66 سالہ رومانو پروڈی بین الاقوامی سطح کے ممتاز ماہرینِ اقتصادیات میں شمار ہوتے ہیں۔ دوسری طرف 69 سالہ سلویو بیرلسکونی ارب پتی ہیں اور اپنے مُلک میں میڈیا ٹائیکون سمجھے جاتے ہیں۔ وہ سن 2001ءمیں الیکشن جیت کر وزیر اعظم بنے تھے۔ بیرلسکونی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی میں سب سے زیادہ مُدت تک برسراقتدار رہنے والے وزیر اعظم ہیں۔