1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اگلا برطانوی وزیر اعظم کون: مے یا لَیڈسم

عابد حسین8 جولائی 2016

یہ بات طے ہے کہ اگلا برطانوی وزیر اعظم کوئی مرد نہیں بلکہ ایک خاتون ہو گی۔ برطانیہ میں حکمران قدامت پسند پارٹی کی قیادت آئندہ کون کرے گا، یہ اعلان نو سمتبر کے روز کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1JLuz

کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کے لیے پارٹی ممبران موجودہ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ میں شامل وزیر داخلہ تھیریسا مے یا وزیر توانائی اینڈریا لَیڈسم میں سے ایک کا انتخاب کریں گے۔ لَیڈسم بریگزٹ کی زور دار حامیوں میں شمار کی جاتی ہیں اور وہ کیمرون کی کابینہ میں توانائی سے متعلقہ امور کی وزیرِ مملکت ہیں۔

بریگزٹ ریفرنڈم کی مہم کے دوران تھیریسا مے وزیر اعظم کے ہمراہ یورپی یونین میں ہی رہنے کے حامیوں میں شمار کی جاتی تھیں۔ دوسری جانب اینڈریا لَیڈسم لندن شہر کے سابق میئر بورس جانسن کے ہمراہ برطانیہ کے یونین سے اخراج کی حامی مہم کا حصہ تھیں۔

Großbritannien Brexit BBC Debatte
بریگزٹ کے ایک مذاکرے میں بورس جانسن اور اینڈریا لَیڈ سم تمایاں ہیںتصویر: Reuters/S. Rousseau

بریگزٹ ریفرنڈم کے اگلے روز وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب چھوڑ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں برس اکتوبر میں کنزرویٹو پارٹی کے سالانہ کنوینشن سے قبل سبکدوش ہو جائیں گے۔ کیمرون نے یہ بھی کہا تھا کہ یورپی یونین سے مکمل انخلا کا عمل ایک نیا پارٹی لیڈر اور وزیر اعظم ہی مکمل کرے گا۔ برطانوی قدامت پسند جماعت کی قیادت کے لیے پانچ امیدوار سامنے آئے تھے اور وہ مختلف دنوں میں ہونے والی پارلیمانی اراکین کی ووٹنگ میں خارج ہوتے گئے۔ ان میں موجودہ وزیر انصاف مائیکل گوو کے علاوہ سابق وزیر مملکت برائے دفاع لیئم فَوکس بھی شامل تھے۔

برطانیہ کے یورپی یونین کو خیرباد کہنے کے حوالے سے دونوں خاتون رہنماؤں کے سیاسی نظریات سامنے آ چکے ہیں۔ تھیریسا مے کا خیال ہے کہ بریگزٹ سے بریگزٹ ہی مراد لی جائے گی لیکن یونین کو خیرباد کہنے کے لیے آرٹیکل پچاس سے قبل برطانوی مذاکراتی عمل واضح اور شفاف ہونا ضروری ہے اور مذاکراتی عمل کی تکمیل کے بعد ہی اس آرٹیکل کو استعمال میں لایا جائے گا۔ دوسری جانب اینڈریا لَیڈسم کا کہنا ہے کہ وہ یورپی یونین کے معاہدے کے آرٹیکل پچاس پر فوری عمل درآمد کے حق میں ہیں اور یونین کو خیرباد کہنے سے متعلق مذاکرات کی بغیر کسی تاخیر کے تکمیل کو ترجیح دیتی ہیں۔

Großbritannien Theresa May in London
برطانوی خاتون سیاستدان تھریسا مےتصویر: Reuters/D. Martinez

موجودہ وزیر داخلہ تھیریسا مے نے اب تک ہونے والی ووٹنگ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ امکان قوی ہے کہ وزیر اعظم بننے کے لیے سب سے پسندیدہ امیدوار وہی ہیں۔ دوسری جانب تجزیہ کار اینڈریا لَیڈسم کی طرف سے حیران کن کامیابی حاصل کر لینے کو بھی خارج از امکان خیال نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی کے ارکان کو قائل کرنے میں بریگزٹ کے حامی سیاستدان فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس بات پر سبھی متفق ہیں کہ پارٹی کی نئی لیڈر شپ کا انحصار صرف بریگزٹ پر ہی نہیں بلکہ اس صورت حال میں دونوں خاتون سیاستدانوں کے ملکی معاملات میں قدامت پسندانہ رجحانات بھی بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان دونوں خواتین میں سے جسے بھی نئی پارٹی لیڈر منتخب کیا گیا، وہی شخصیت برطانیہ کی دوسری خاتون وزیر اعظم ہو گی۔ برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر تھیں۔

اینڈریا لَیڈسم واضح طور پر آنجہانی ’آئرن لیڈی‘ تھیچر کو اپنا سیاسی آئیڈیل خیال کرتی ہیں جبکہ تھیریسا مے بھی مارگریٹ تھیچر کے ساتھ کام کر چکی ہیں لیکن بعض قدامت پسند سیاسی حلقوں کے نزدیک وہ ایک ’مشکل‘ خاتون سیاستدان تصور کی جاتی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں