1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایجبسٹن ٹیسٹ: پاکستان ہوشیار باش ہے

طارق سعید، لاہور2 اگست 2016

لارڈز اور اولڈ ٹریفورڈ پر کھیل کی دو انتہاؤں کو چھونے اور عرش سے فرش پر آنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم اب انگلش کرکٹ کے قلعے ایجبسٹن میں نقب لگانے کو بے تاب نظر آرہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JaTg
تصویر: DW/T. Saeed

میزبان انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز اب تک ایک ایک سے برابر ہے لیکن پاکستانی حامیوں کے لیے بڑا سوال یہی ہے کہ کیا یہ ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی تین سو تیس رنز کی ناکامی کے ملبے سے نکل کر میزبانوں کے سامنے دوبارہ سینہ تان کر کھڑی ہوسکے گی؟ پاکستانی کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ مانچسٹر میں کھلاڑیوں نے فاش غلطیاں کیں جس کا احساس ہمیں ہوچکا ہے اور ایجبسٹن میں ہم اولڈ ٹریفورڈ کا داغ صاف کر دیں گے۔ کپتان کے بقول یہ ٹیم کامیابی کی شاہراہ پر واپس پلٹنے کا ہنرجانتی ہے۔

اوپننگ کی گتھی اورکپتان کا سینہ

حنیف محمد اور صادق محمد سے لے کر محسن خان، ماجد خان، عامر سہیل اور سعید انور تک پاکستان کے اوپنرز کا بلا انگلینڈ کی دھرتی پر رنز اگلتا رہا ہے۔ لیکن اس بار اوپننگ کی گھتی سلجھنے میں نہیں آرہی۔ شان مسعود اور محمد حفیظ برطانیہ کے موسم سے بھی زیادہ ناقابل اعتبار ہوچکے ہیں۔ ووسٹر کے خلاف کاونٹی میچ میں سمیع اسلم کی ناکامی اور شان مسعود کی نصف سنچری بھی اول الذکر کا ٹیم میں آنے سے شاید ہی راستہ روک سکے۔ شان مسلسل چھ بار جیمز اینڈرسن کا شکار ہو چکے ہیں اور اگر اب بھی باہر نہ ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہی بولر کے ہاتھوں مسلسل آؤٹ ہونے کا عالمی ریکارڈ اگلے پانچ دن میں برابر ہونے کا خدشہ ہے۔ وہاب ریاض کی جگہ سہیل خان کا نام سامنے آرہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ منگل دو اگست کی پریس کانفرنس میں مصباح پر ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں کے بارے میں سوالوں کی بوچھاڑ کر دی گئی لیکن پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ مقابلے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔ پلیئنگ الیون کے حوالے سے ان کے ذہن میں کوئی شبہ نہیں۔ لیکن ٹاس سے پہلے وہ اس راز کو فاش نہیں کر یں گے تاکہ حریف سوچتا ہی رہ جائے۔ پہلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں نئے پاکستانی کوچ مکی آرتھر نے خلاف روایت میچ سے ایک دن پہلے بارہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا لیکن اس بار کپتان اپنے تمام پتے سینے سے لگائے ہوئے ہیں۔

پہلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں نئے پاکستانی کوچ مکی آرتھر نے خلاف روایت میچ سے ایک دن پہلے بارہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا
پہلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں نئے پاکستانی کوچ مکی آرتھر نے خلاف روایت میچ سے ایک دن پہلے بارہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھاتصویر: Getty images/AFP/S. Khan

ظہیرعباس ،عمران خان اور خالی ہاتھ

ایجبسٹن وہ تاریخی مقام ہے جہاں ظہیرعباس نے انیس سو اکہتر میں دوسو چوہتر کی شاہ کار اننگز کھیلی تھی۔ یہ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف آج تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ یہ وہی ٹیسٹ میچ تھا جس میں عمران خان نے اپنا ڈیبیو کیا اورپھر گیارہ برس بعد ایجبیسٹن ہی وہ مقام ٹھہرا جہاں عمران خان نے پہلی بار پاکستان کی قیادت کا سہرا اپنے سرسجایا تھا۔ لیکن برا یہ ہوا کہ اس میچ میں ان کی نو وکٹوں کی کارکردگی پر بلے بازوں نے پانی پھیر دیا تھا۔ برمنگھم کے جنوبی مضافات میں واقع ایجسبٹن میں صرف یہی دو حوالے ایسے ہیں جب پاکستان انگلینڈ کو ہرانے کے قریب آ سکا۔ اس گراونڈ پرانگلینڈ کی پچیس فتوحات میں چار پاکستان کے خلاف بھی ہیں اور کبھی کوئی ایشیائی ٹیم یہاں سے جیت کر نہیں نکل سکی۔ اس بار دیکھنا ہے کہ کیا برکی، پٹوڈی، انتخاب، واڈیکر، عمران اور میانداد جیسے ایشیائی کپتانوں کی طرح مصباح بھی ایجبسٹن سے خالی ہاتھ واپس جاتے ہیں یا پھر ان کی ٹیم تاریخ کا دھارا بدل دے گی؟

مصباح کہتے ہیں اگر ہم ماضی کو ذہن میں رکھیں تو آگے نہیں بڑھ سکتے۔ یہ نیا میچ ہے، نئی پچ ہے اور نئی ٹیم ہے۔ پہلے بیٹنگ یا بولنگ کے چیلنج سے نمٹنے کےلیے ہم تیار ہیں۔ ٹیسٹ کا پہلا دن بہت اہمیت کا حامل ہوگا۔

یونس خان اور اظہر علی کے کھیلنے کے انداز نے پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں
یونس خان اور اظہر علی کے کھیلنے کے انداز نے پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیںتصویر: N. Naamani/AFP/Getty Images

پاکستانی ٹیم کے لیے پریشانیاں

انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک اور نائب کپتان جو روٹ نے دوسرے ٹیسٹ میں مل کر پانچ سو دو رنز اسکور کیے لیکن میزبان ٹیم کی بیٹنگ ان دونوں کھلاڑیوں کے گرد ہی گھوم رہی ہے۔ اب مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے زخمی ہو کر باہر ہونے سے کک اور روٹ پر دباؤ بڑھے گا کیونکہ الیکس ہیلز، گیری بیلنس اور جیمز ونس ٹیم پر بوجھ بنے ہوئے ہیں اور ایجبسٹن کا میچ ان تینوں کے مستقبل کا بھی فیصلہ کرسکتا ہے۔

انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں اسٹوکس کی جگہ اسٹیوفن کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے گز شتہ برس اسی گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف اپنے کیریئر کی سب سے اچھی بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں لی تھیں۔ دوسری طرف یونس خان اور اظہر علی کے کھیلنے کے بے ڈھنگے انداز نے پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں۔ جہاں تک خراب کیچنگ کا تعلق ہے، پاکستانی فیلڈرز کو یاد رکھنا ہوگا کہ ڈرہم کے وکٹ کیپرکرس سکاٹ نے اسی ایجبسٹن میں اٹھارہ رنز پر لارا کا کیچ گرایا تھا جس کے بعد ویسٹ انڈین لیجنڈ نے پانچ سو ایک رنز اورعالمی ریکارڈ بنا کر دم لیا تھا۔

ایجبسٹین کی ہریالی پچ

ایجسبٹن کا گراؤنڈ گزشتہ بیس برس میں اسپنرز کے لیے انگلینڈ میں سب سے پسندیدہ مقام رہا ہے۔ وارکشائر برطانیہ کی واحد کاونٹی ہے جس نے غیر ملکی اسپنر جیتن پٹیل کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اور وہ سو سے زیادہ وکٹیں بھی لے چکے ہیں لیکن انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک کے مطابق ایجبسٹن کی پچ پر گھاس موجود ہے اور اس کے ٹوٹنے کا امکان نہیں۔ پاکستانی کپتان مصباح کے مطابق یہ اچھی پچ ہے جہاں سیم باولرز کو مدد ملے گی۔ ایجبیسٹن کی حالیہ تاریخ دیکھتے ہوئے اس میچ میں ٹاس دوسرے ٹیسٹ کی طرح شاید نتیجے پر بہت زیادہ اثر انداز نہ ہوسکے۔