1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران:مغربی تہران کی مسجد کا سانحہ، دس ہلاکتوں کی سرکاری تصدیق

رپورٹ:ندیم گل، ادارت:گوہرنذیر21 جون 2009

ایران میں پرتشّدد مظاہروں کے خلاف روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ائی کےانتباہ کے باوجود ہفتے کو تہران میں کشیدگی رہی۔ صدارتی انتخابات کے نتائج کے خلاف دارالحکومت میں مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

https://p.dw.com/p/IVS8
تصویر: AP
Iran Wahlen Khamenei Rede
مظاہرین نے آیت اللہ خامنہ ائی کے انتباہ کو نظرانداز کردیاتصویر: AP

ایران میں ہفتے کو بھی صدارتی انتخابات کے نتائج کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ائی کے اس انتباہ کو نظرانداز کر دیا جس میں انہوں نے مظاہروں کی قیادت کرنے والوں کو سخت نتائج سے خبردار کیا تھا۔

دارالحکومت تہران میں مختلف مقامات پر میرحسین موسوی کے حامی اکٹھے ہوئے۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسوگیس استعمال کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ ایران کے سرکاری انگریزی پریس ٹی وی نے ان جھڑپوں کی تصدیق کی۔ مغربی تہران میں ایک مسجد پر دھاوہ بولنے والے مظاہرین کو سکیورٹی فورسز کا سامنا کرنا پڑا۔ جن میں کم از کم دس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق سرکاری ٹیلی ویژن نے کی۔ ابتداء میں سرکاری ٹی وی نے یہ تعداد تیرہ بیان کی تھی۔ بعد میں سرکاری ٹیلی ویژن نے اِس مناسبت سے تردیدی بیان بھی جاری کیا۔ افس واقعہ میں دیگر ایک سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کا بھی تصدیقی بیان جاری کیا گیا ہے۔

اُدھر موسوی اور احمدی نژاد کے حامیوں کے درمیان بھی جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ اِس سے پہلے بھی ایک دِن قبل جھڑپوں کے دوران ایک شخص کی ہلاکت اور مظاہرین کی جانب سے ایک سرکاری عمارت کو نذرآتش کئے جانے کی اطلاع بھی ہے۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ایران کی صورت حال کے بارے میں امریکی صدر باراک اوباما نے ایرانی حکومت پر زور دیا ہے کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال بند کیا جائے۔ اوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ، ایران کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور یہ کہ ایرانی شہریوں کو ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔

دوسری جانب میرحسین موسوی نے انتخابی نتائج کی منسوخی کے لئے کوششیں جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ موسوی نے مجلس شوریٰ کے نام ایک خط میں کہا کہ ملکی آئین اور قانون کی بنیاد پر وہ سچائی جاننے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

ہفتےکو اپنی ویب سائٹ پر ایک اور بیان میں موسوی نے احتجاجی تحریک کو ’’خوبصورت سبز لہر‘‘ کا نام دیا۔ ناکام صدارتی امیدوار میر حسین موسوی نے مزید کہا کہ وہ اسلامی نظام اور اس کے قوانین کے خلاف نہیں بلکہ جھوٹ اور انحراف کی پالیسی کے مخالف ہیں۔ موسوی کا کہنا تھا کہ ملک میں پرامن اجتماعات کی اجازت ہونی چاہئے اور اگر عوام کو اس کی اجازت نہ دی گئی تو وہ زیادہ خطرناک طریقہء کار اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔

Iran Wahl Mussawi 11 Juni Flash-Galerie
انتخابی نتائج کی منسوخی کے لئے کوششیں جاری رکھوں گا، موسویتصویر: picture-alliance / nu2/ZUMA Press

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق موسوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں گرفتار کیا گیا تو وہ ملک گیر ہڑتال کی کال دیں گے۔ ان کے ایک قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ موسوی شہادت کے لئے بھی تیار ہیں۔

اُدھر مجلس شوریٰ نے انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے امیدواروں کو مختلف حلقوں سے دس فیصد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی پیش کش کی ہے۔

ہفتے کو مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس ہوا جس میں انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی شکایات کا جائزہ لیا گیا تاہم میرحسین موسوی نے اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ ایک اور ناکام امیدوار مہدی کروبی بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ ایرانی حکومت نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید