1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی انتخابات: میرکل اور اوباما یکسو

27 جون 2009

امریکہ کے دورے پرگئیںجرمن چانسلر انگیلا میرکل اور امریکی صدر باراک اوباما نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والے تنازعے پر امریکہ اور ایران کا موقف یکساں ہے۔

https://p.dw.com/p/IbSH
میرکل اور اوباما کی اس سال یہ تیسری مرتبہ ملاقات ہےتصویر: AP

جرمن چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ ایرانی حکومت انتخابی نتائج کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد کے ساتھ بدسلوکی نہ کرے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دیگر امور پر بھی تبادلہِ خیال ہوا جس میں ماحولیاتی تبدیلی کے علاوہ شمالی کوریا کا تنازعہ، اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، افغانستان اور پاکستان میں طالبان کے خلاف جنگ جیسے موضوعات بھی شامل تھے۔

اس سے قبل جرمن چانسلر انگیلا میرکل دو روزہ دورے پر امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچیں۔ دونوں رہنماؤں کی اس سال یہ تیسری مرتبہ بالمشافہ ملاقات ہے۔

انگیلا میرکل نے امریکہ روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برلن اور واشنگٹن ایران کے مسلے پر ہم زبان ہیں اور دونوں ممالک ہی زور دے رہے ہیں کہ تہران حکومت بنیادی شہری حقوق کا احترام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس دورے میں ایران کے علاوہ عالمی مالیاتی بحران، ماحولیاتی تحفظ، شمالی کوریا ، افغانستان سمیت جی ایٹ سمٹ جیسے اہم مسائل پر بات چیت کریں گی۔

Angela Merkel / Warburg Preis
انگیلا میرکل ایرک واربُرنگ پرائز وصول کرتے ہوئےتصویر: AP

برطانیہ سمیت یورپ کے کئی ممالک کے سربراہان مملکت اوباما کے صدر بنے کے بعد امریکہ کا دورہ کر چکے ہیں تاہم یورپ کی سب سے بڑی معیشت یعنی جرمنی کی چانسلر باراک اوباما کے صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ امریکہ کا دورہ کر رہی ہیں۔ تاہم اوباما دو مرتبہ برلن کا دورہ کر چکے ہیں۔ جرمن چانسلر کے دورہ امریکہ میں تاخیر پر ذرائع ابلاغ میں یہ بھی کہا جاتا رہا ہے کہ انگیلا میرکل کے اوباما کے ساتھ تعلقات میں کوئی خاص گرم جوشی نہیں ہے جیسا کہ میرکل اور سابق صدر بش کے مابین تھی۔ تاہم حکومتی حلقوں نے ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو جمعرات کے دن ایرک واربُرنگ پرائز سے بھی نوازا گیا۔ یہ انعام جرمن امریکی تعلُقات میں خیرسگالی اور گرم جوشی پیدا کرنے والی شخصیت کو دیا جاتا ہے۔ انگیلا میرکل سے قبل یہ انعام سابق امریکی صدر جورج ایچ ڈبلیو بش اور امریکی سفارت کار ہنری کسنجر کو دیا جا چکا ہے۔

عاطف بلوچ

ادارت : شامل شمس