1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ایرانی جوہری معاہدے سے امریکی دستبرداری، خطرناک ہو سکتی ہے‘

افسر اعوان ماکس ہوفمان
12 اکتوبر 2017

زیادہ تر تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ہفتے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیں گے۔ لیکن کیا ٹرمپ واقعی ایسا کر گزریں گے؟ اور اگر ایسا ہوا تو اس کا یورپ پر کیا اثر ہو گا؟

https://p.dw.com/p/2lgmZ
UN Generalversammlung in New York | Donald Trump, Präsident USA
تصویر: Getty Images/S. Platt

ڈوئچے ویلے کے نمائندہ خصوصی ماکس ہوفمان برسلز سے بھیجی گئی اپنی رپورٹ میں لکھتے ہیں کہ حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی پیش رفت سے اندازہ یہی ہوتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے اپنے ہی وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن کے نکتہ نظر کے برخلاف اس معاہدے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیں گے۔ صرف یہی نہیں بلکہ وہ یورپی یونین کی اعلیٰ ترین سفارت کار فیدریکا موگرینی کی بات پر بھی کان دھرنے کو تیار نہیں ہیں۔

مشرق وُسطیٰ معاملات کے ماہر کوئرٹ ڈیبوئف کے خیال میں ٹرمپ کے لیے یہ ’’انتہائی آسان ہے‘‘۔ لیکن ان کا یہ اقدام موگرینی کے لیے تسکین کا باعث یقیناﹰ نہیں ہو گا کیونکہ اس طرح سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کے فَن کا خاتمہ ہو جائے گا اور گفت وشنید کے ذریعے مسائل کا حل نکالنے کا جو ہنر یورپ نے دکھایا ہے، وہ سب غارت جائے گا۔

یورپی یونین کے ایک سفارت کار نے، جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے تھے، اس بات کو ان الفاظ میں بیان کیا، ’’پیغام یہ ہو گا: مصالحت نہ کرو! خاص طور پر مغرب کے ساتھ، جو کسی بھی طور اپنے وعدے پر پورا نہیں اترتا۔‘‘

مگر حقیقت میں یورپی ممالک کی یہ خواہش ہے کہ یہ معاہدہ قائم رہے، اس بات سے قطع نظر کہ امریکا کیا کرتا ہے۔

’’جوہری معاہدہ کسی ایک ملک سے تعلق نہیں رکھتا، اس کا تعلق بین الاقوامی برادری سے ہے۔‘‘ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگرینی نے یہ الفاظ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حاشیے میں امریکی نمائندگان سے ناخوشگوار بات چیت کے بعد کہے تھے۔

اگر ٹرمپ کی حکومت اس معاہدے سے نکل جاتی ہے اور ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دیتی ہے جبکہ یورپ اس معاہدے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتا ہے تو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سامنے آنے والے ورلڈ آرڈر کا اہم مقصد ختم ہو جائے گا۔ برسلز میں قائم تحریر انسٹیٹیوٹ فار مڈل ایسٹ پالیسی کے ڈائریکٹر کوئرٹ ڈیبوئف کے خیال میں یورپی یونین کو کسی بھی طور اس حوالے سے امریکا کے آگے ہتھیار نہیں ڈالنے چاہییں، جیسا کہ اب تک ہوتا آیا ہے۔

ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیبوئف کا کہنا تھا، ’’یورپ کو ایران میں مزید سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ یہ یورپ کی معتبریت کے لیے بھی اہم اور ایران میں اصلاحاتی قوتوں کے لیے بھی۔‘‘ ڈیبوئف کے خیال میں اس کے نتیجے میں ٹرمپ کی طرف سے دباؤ کی توقع بھی کی جا سکتی ہے، خاص طور پر ایسی کمپنیوں کے خلاف پابندیوں کی صورت میں جو ایران کے ساتھ کاروبار کر رہی ہوں گی۔

Iran Atomabkommen
طویل مصالحت کے بعد ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ 2015ء میں طے پایا تھاتصویر: picture-alliance/epa/D. Calma

دوسری طرف ایران اگر یہ محسوس کرتا ہے کہ امریکا چونکہ جوہری معاہدے سے نکل گیا ہے، تو وہ اس کے نتيجے ميں جوہری طاقت کے حصول کے حوالے سے خود پر لگی پابندیوں کی ذمہ داری سے الگ ہو سکتا ہے۔ ایسے میں صورتحال مزید نا خوشگوار اور پیچیدہ ہو جائے گی۔ اور صرف یہی نہیں بلکہ ایران کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے شمالی کوریا کے ساتھ بھی جوہری معاہدے کا کوئی امکان باقی نہیں بچے گا۔

مشرق وُسطیٰ معاملات کے ماہر کوئرٹ ڈیبوئفکے مطابق، ’’یہ دراصل عالمی امن سے متعلق ہے۔ ہمیں ایران کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور تہران کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔‘‘ یہ ایک ایسا پیغام ہے جو بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تک نہیں پہنچا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید