1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں جوہری تنصیبات کی جاسوسی کے الزام پر متعدد گرفتاریاں

3 اکتوبر 2010

ایران نے متعدد افراد کو جوہری تنصیبات کی جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ایرانی خفیہ امور کی وزارت کے مطابق یہ افراد ممکنہ طور پر حساس معلومات کے حصول کی کوششوں میں تھے۔

https://p.dw.com/p/PT34
ایران کا ایک ایٹمی ریسرچ ری ایکٹرتصویر: AP

ہفتے کے روز سرکاری سرپرستی میں چلنے والے ایک ٹی وی چینل کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے متعدد افراد کی گرفتاری ابھی حال ہی میں عمل میں آئی۔

’ہمیں ہمیشہ سے ایسے جاسوسوں کی منفی سرگرمیوں کا سامنا ہے۔ ظاہر ہے اس حوالے سے ہم نے دشمن کی تخریبی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔‘

اس رپورٹ میں مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں کہ آیا جاسوسی سے مراد حال ہی میں ایک ایرانی جوہری تنصیب کے کمپیوٹر سسٹمز پر کئے گئے وائرس حملے سے ہے یا نہیں۔

چند روز قبل ایران کی البشہر نامی جوہری تنصیب کے کمپیوٹر نظام پر وائرس حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں یہاں متعدد کمپیوٹرز متاثر ہوئے تھے۔ تاہم بعد میں وہاں ایک مرتبہ پھر کام کا آغاز کر دیا گیا تھا۔

Achmadinedschad Ahmadinejad Anschlag Bombe Konvoi NO FLASH
ایرانی صدر محمود احمدی نژادتصویر: AP

ایک ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے، ’دشمن نے ایرانی جوہری سرگرمیوں میں رکاوٹ کے لئے انٹرنیٹ کے ذریعے برقی کیڑے بھیجے۔‘

اس خبررساں ادارے میں ایک ایرانی اہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایران ایسے تمام حملوں سے نمٹنے کے لئے لئے پوری طرح مستعد اور تیار ہے۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ سٹَکس وائرس ایرانی جوہری پروگرام کو سبوتاژ کرنے لئے تیار کیا گیا ہے، جس کا حملہ کچھ روز قبل ایرانی جوہری تنصیب پر ہوا تھا۔

ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے مغربی ممالک کو خدشات لاحق ہیں کہ ایران خفیہ طور پر ایٹم بم بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے تاہم تہران ایسے الزامات کو یکسر مسترد کرتا آیا ہے۔

البشہر نامی ایٹمی ری ایکٹر میں وائرس حملے کی خبر منظر عام پر آنے کے فوری بعد ایران نے اس ری ایکٹر میں دوبارہ کام کے آغاز کا اعلان کیا تھا، جو کئی ماہ سے تعطل کا شکار تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں