1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں گائے کی کلوننگ کا تجربہ کامیاب

12 جولائی 2009

ایرانی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں ایک بکری اور ایک بھیڑ کی کلوننگ کے بعد ایران مشرق وسطیٰ کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جہاں پہلی مرتبہ کلوننگ کے ذریعے گائے کا ایک بچھڑا تیار کرنے کا تجربہ بھی کامیاب رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/IlnO
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مرغیوں کی کلوننگ، ایک انڈے پر کئے جانے والے تجربے کی ایک تصویرتصویر: AP

اس تحقیقی منصوبے کے سربراہ نے ایرانی شہر اصفہان میں صحافیوں کو بتایا کہ گائے کی یہ کلوننگ ملک میں stem cells پر تحقیق کے ایک جامع پروگرام کے تحت کی گئی۔ ماضی قریب میں ایرانی ماہرین ایک بکری اور ایک بھیڑ کی کلوننگ کے کامیاب تجربات بھی کر چکے ہیں۔

Fluoreszierende Hunde in Südkorea
جنوبی کوریا میں 'اندھیرے میں چمکنے والے' چار کلون شدہ کتےتصویر: AP

ایران اپنے ایٹمی پروگرام پر بھی تیزی سے عمل پیرا ہے اور ایک ایسے خلائی پروگرام پر بھی کام کررہا ہے جو ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

ساتھ ہی یہ اسلامی ملک جدید سائنسی علوم کی دیگر شاخوں میں بھی تیزی سے ترقی کی کوششیں کررہا ہے۔ جدید طبی تحقیق کے شعبے میں جانوروں کی کلوننگ کے منصوبے اسی ملکی پروگرام کا حصہ ہیں۔

وسطی ایران کے شہر اصفہان میں رویان تحقیقی انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد حسین نصر اصفہانی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کلوننگ کے ذریعے تیار کئے گئے گائے کے بچھڑے کی پیدائش ہفتہ کے روز ہوئی اور اس نر جانور کا نام بونایا رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر نصر اصفہانی نے بتایا کہ ایران اپنے ہاں جانوروں کی کلوننگ کو طبی تحقیق کے عمل کو مزید آگے بڑھانے کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے اور تہران حکومت نے اس امر کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے کہ سن 2025 تک ایران کو جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کم ازکم خطے کی سب سے ترقی یافتہ ریاست ہونا چاہیے۔

رپورٹ: مقبول ملک، ادارت: ندیم گل