1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 ایران: کان حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی

4 مئی 2017

ایران کے شمالی حصے میں کوئلے کی ایک کان میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 35 تک پہنچ گئی ہے۔ محنت و روزگار کے ملکی وزیرعلی ربیع نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2cK1F
Iran Grubenunglück in Kohlebergwerk
تصویر: picture-alliance/AA

وزیر برائے محنت و روزگارعلی ربیع نے آج جمعرات چار مئی کو اپنے بیان میں مزید بتایا کہ امدادی کارکنوں کے بقول کوئلے کی اس کان میں پھنسے افراد کے حوالے سے مزید کوئی امید باقی نہیں بچی ہے۔ رزمستان یورت نامی کان میں یہ دھماکا گزشتہ روز دو پہر میں ہوا۔ ایرانی میڈیا نے قبل ازیں بتایا تھا کہ کان میں 80 سے زائد افراد کئی سو میٹر کی گہرائی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق آزاد شہر نامی قصبے کے قریب واقع اس کان میں دھماکے کے بعد گیس بھری ہوئی تھی جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس گیس سے متاثر ہونے والے دو درجن سے زائد امدادی کارکنوں کو بھی ہسپتال پہنچایا گیا۔

Iran Grubenunglück in Kohlebergwerk
تصویر: picture-alliance/AA/abaca

شمالی ایرانی صوبے گلستان کی حکومت نے اس حادثے پر تین دن کا سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر صدر حسن روحانی کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق حکومت پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے اپنے تمام ذرائع بروئے کار لائے گی۔

ایران سے ملنے والی دیگررپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکا گزشتہ روز اُس وقت ہوا تھا، جب کان کنوں کی ایک شفٹ اپنا کام ختم کر رہی تھی اور اُس کی جگہ ایک نئی شفٹ اپنا کام شروع کر رہی تھی۔

'زمستان یورت‘ نامی اس کان میں پانچ سو سے زائد کان کن کام کرتے ہیں۔ اِرنا نیوز ایجنسی کے مطابق یہ کان آزاد شہر سے چَودہ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ایرانی صوبے گلستان کی سرحدیں شمال میں ترکمانستان اور بحیرہٴ کیسپیئن سے ملتی ہیں۔