1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران کے لیے جاسوسی کا الزام، جرمنی میں پاکستانی گرفتار

مقبول ملک7 جولائی 2016

جرمنی میں ایک پاکستانی شہری کو ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر دیگر افراد کے علاوہ جرمن اسرائیلی تعلقات میں بہتری کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کے سربراہ کی بھی جاسوسی کی۔

https://p.dw.com/p/1JLPi
Deutschland Iran
تصویر: Colourbox

جرمن دارالحکومت برلن سے سات جولائی کی شام موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق وفاقی دفتر استغاثہ کے ذرائع نے آج جمعرات کے روز بتایا کہ اس پاکستانی ملزم کی عمر 31 برس ہے اور اس کا نام سید مصطفیٰ ایچ (Syed Mustufa H) ہے۔

استغاثہ نے ملزم کا مکمل نام نہیں بتایا کیونکہ کسی بھی شخص کے ذاتی کوائف کو صیغہء راز میں رکھنے کے جرمن قانون کے تحت صرف ملزم ہونے کی صورت میں، جب کہ اس کا جرم ابھی ثابت نہ ہوا ہو، ملزم کا خاندانی نام سمیت پورا نام قانوناﹰ ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے وفاقی پراسیکیوٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملزم سید مصطفیٰ ایچ کو منگل پانچ جولائی کے روز جرمنی کے شمالی بندرگاہی شہر بریمن سے حراست میں لیا گیا۔ بریمن جرمنی کا ایک ایسا بندرگاہی شہر ہے جو ایک سٹی اسٹیٹ کے طور پر ملک کے 16 وفاقی صوبوں میں سے ایک ہے۔

وفاقی دفتر استغاثہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر صرف اتنا کہا کہ ’ملزم کا رابطہ ایک ایسے انٹیلیجنس یونٹ سے تھا، جس کا تعلق ایران سے ہے‘۔

Symbolbild Deutschland Israel Flaggen
تصویر: picture alliance / dpa

سید مصطفیٰ ایچ پر الزام ہے کہ اس نے دیگر اہداف کے علاوہ جرمنی اور اسرائیل کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے سرگرم جرمن اسرائیلی سوسائٹی کے ایک سابق سربراہ اور اس کے قریبی افراد کی بھی جاسوسی کی تھی۔ جرمن استغاثہ کے مطابق اس دوران ملزم کو جو معلومات حاصل ہوئی تھیں، وہ اس نے گزشتہ برس اکتوبر میں ایران کے حوالے کی تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس پاکستانی ملزم کو ایک عدالت نے اس وقت تک حراست میں رکھنے کا عبوری حکم جاری کر دیا ہے، جب تک کہ اس پر جرمنی میں جاسوسی سے متعلق باقاعدہ فرد جرم عائد نہیں کر دی جاتی۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ جنوبی جرمن شہر کارلسروہے میں وفاقی دفتر استغاثہ کے بیانات کے مطابق ملزم سید مصطفیٰ ایچ نے جس شخصیت اور اس کے قریبی رفقاء کی جاسوسی کی، وہ جرمن اسرائیلی سوسائٹی کے سابق صدر رائن ہولڈ رَوبے تھے۔

اسی دوران رائن ہولڈ رَوبے (Reinhold Robbe) نے جرمن اخبار ’بِلڈ‘ کو بتایا کہ وہ ایران اور ایرانی حکمرانوں کے بارے میں اپنی رائے کا ہمیشہ کھل کر اظہار کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاسوسی کی یہ کوشش ظاہر کرتی ہے کہ کس طرح ایران اپنے خلاف تنقیدی آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔

رائن ہولڈ رَوبے ماضی میں جرمن اسرائیلی سوسائٹی کے سربراہ رہنے کے علاوہ جرمن پارلیمان کی طرف سے نامزد کردہ وفاقی جرمن فوج سے متعلقہ امور کے نگران عہدیدار بھی رہ چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں