1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ایران یمنی تنازعے سے دور رہے‘، حوثی انقلابی کمیٹی

امجد علی9 مارچ 2016

ایک سینیئر حوثی افسر نے ایرانی حکام سے کہا ہے کہ ایران یمنی تنازعے سے دور رہے۔ اس سے قبل ایک ایرانی جنرل نے کہا تھا کہ تہران خلیجی عرب اتحاد سے برسرپیکار حوثی فورسز کی مدد کے لیے ممکنہ طور پر فوجی مشیر روانہ کر سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IA54
Karte Jemen umkämpfte Gebiete ENGLISCH
اس نقشے میں یمن کے اُن علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں خاص طور پر شدت کے ساتھ لڑائی جاری ہے

نیوز ایجنسی روئٹرز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ حوثی عام طور پر سعودی سرکردگی میں ایک سال سے لڑی جانے والی جنگ میں شیعہ ایران کو ایک دوست طاقت کے طور پر دیکھتے ہیں۔ سعودی قیادت میں لڑنے والی اتحادی قوتیں منصور ہادی کو صدر کے عہدے پر بحال کرنا چاہتی ہیں۔

حوثی انقلابی کمیٹی کے ایک رکن یوسف الفیشی نے فیس بُک پر پوسٹ کیے گئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’اسلامی جمہوریہٴ ایران میں حکام کو خاموش رہنا چاہیے اور یمنی تنازعے کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے‘۔

حوثی گروپ کے کسی ایسے سینیئر رکن کی جانب سے ایرانی حکام کے نام کھلے عام دیا جانے والا یہ پہلا بیان تھا، جسے حوثی رہنما عبدالمالک الحوثی کے بہت ہی قریب خیال کیا جاتا ہے۔

منگل کے روز ایرانی بریگیڈیئر جنرل مسعود جزائری نے، جو ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف بھی ہیں، تسنیم نیوز ایجنسی کے ساتھ ایک انٹرویو میں یہ تجویز کیا تھا کہ ایران ممکنہ طور پر اُسی انداز میں حوثیوں کی بھی مدد کر سکتا ہے، جس انداز میں اُس نے شام میں صدر بشار الاسد کی افواج کی مدد کی ہے۔

الفیشی کی جانب سے فیس بُک پر مذکورہ پیغام ایک ایسے وقت پر پوسٹ کیا گیا ہے، جب حوثیوں کا ایک وفد سعودی عرب کے دورے پر ہے۔ اس دورے سے یہ امید ہو چلی ہے کہ ایک سال سے جاری وہ تنازعہ اختتام کو پہنچ سکتا ہے، جس میں اب تک تقریباً چھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بدھ کے روز سعودی عرب کی جانب سے بتایا گیا کہ حوثی دشمنوں کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ عمل میں آیا ہے اور ایک سعودی فوجی افسر کے بدلے سات یمنی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس امر کی تصدیق بھی کی گئی تھی کہ سرحد پر حالات بدستور پُر سکون ہیں۔

Jemen Luftangriffe in Sanaa
یمنی دارالحکومت صنعاء کے قریب سعودی اتحادی فورسز کی جانب سے فضائی بمباری کے بعد کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/AP Photo/Y. Arhab

دریں اثناء العربیہ ٹیلی وژن چینل کے مطابق چھ رکنی خلیجی تعاون کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کونسل کے رکن خلیجی عرب ممالک ’خطّے میں ایرانی اثر و رسوخ‘ کو رَد کرتے ہیں۔ یہ کونسل سعودی عرب، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر اور عمان پر مشتمل ہے۔ اس کونسل میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کا ایک اجلاس سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا، جس میں شام میں سیاسی حل کی بھی پُر زور حمایت کی گئی۔ ساتھ ساتھ شام میں فائر بندی کے اطلاق کا کوئی باقاعدہ طریقہٴ کار لاگو کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید