1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایردوآن سے متعلق متنازعہ نظم: جرمن فنکار کا میرکل پر مقدمہ

3 اپریل 2019

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن سے متعلق دو ہزار سولہ میں ایک ٹیلی وژن ٹاک شو میں پڑھی جانے والی ایک متنازعہ نظم پر تنقیدی تبصرے کے باعث جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے خلاف اب ایک مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3G8sH
جرمن ٹی وی کامیڈین ژان بوئہمرمانتصویر: picture-alliance/dpa/M. Balk

یہ مقدمہ ایک جرمن فنکار اور اس ٹیلی وژن پروگرام کے کامیڈین ژان بوئہمرمان نے دائر کیا ہے۔ تب اس نظم کو وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ’قطعی طور پر تضحیک آمیز‘ قرار دیا تھا۔ لیکن بعد میں میرکل نے یہ اعتراف بھی کر لیا تھا کہ ان کی طرف سے اس بہت متنازعہ نظم کے بارے میں ایسا تبصرہ کرنا ایک ’غلطی‘ تھا۔

Eröffnungsfeier Hannover Messe 2019
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: picture-alliance/dpa/F. Gentsch

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن کی ایک عدالت نے منگل دو اپریل کو اس امر کی تصدیق کر دی کہ جرمن ٹی وی کامیڈین ژان بوئہمرمان نے یہ مقدمہ دائر کرتے ہوئے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ میرکل کے اس تبصرے کے خلاف اپنا فیصلہ سنائے، جس میں انہوں نے ترک صدر ایردوآن کے بارے میں بوئہمرمان کی طرف سے اپنے ایک ٹی وی شو میں پڑھی جانے والی متنازعہ نظم کو ’بہت تضحیک آمیز‘ قرار دیا تھا۔

ترک جرمن سفارتی بحران

بعد میں جرمن زبان میں ایک Schmähgedicht یا اردو میں ’ہتک آمیز شاعری‘ قرار دی جانے والی اسی نظم کی وجہ سے جرمنی اور ترکی کے مابین ایک باقاعدہ سفارتی بحران بھی پیدا ہو گیا تھا۔ اسی بحران اور دوطرفہ سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں انقرہ حکومت کی درخواست پر بعد ازاں برلن حکومت نے بوئہمرمان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم بھی دے دیا تھا۔

Türkei, Istanbul: Recep Tayyip Erdogan auf einer Wahlveranstaltung
ترک صدر رجب طیب ایردوآنتصویر: picture-alliance/AP/Presidential Press Service

برلن کی انتظامی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرنے والی اس عدالت کے ترجمان کے مطابق جرمن چانسلر میرکل کے خلاف یہ مقدمہ دراصل دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ چانسلر میرکل کو عوامی سطح پر اپنا یہ موقف دہرانے سے روکا جائے کہ بوئہمرمان کی یہ نظم ’سرے سے تضحیک آمیز‘ تھی۔

مقدمے کے دوسرے حصے میں عدالت سے یہ درخواست کی گئی ہے کہ اگر مقدمے کے پہلے حصے میں کیے گئے مطالبے کو مسترد کر دیا جاتا ہے، تو پھر یہی عدالت اپنے ایک باقاعدہ فیصلے میں یہ حکم سنائے کہ اس نظم کے بارے میں چانسلر انگیلا میرکل کا موقف اور اس کے لیے استعمال کیے گئے الفاط ’خلاف قانون‘ تھے۔

اس مقدمے کی سماعت سولہ اپریل کو کی جائے گی اور عدالت اسی روز اپنا فیصلہ بھی سنا دے گی۔ جرمن چانسلر میرکل اس مقدمے کی سماعت کے لیے ذاتی طور پر عدالت میں پیش نہیں ہوں گی بلکہ ان کی نمائندگی ان کے قانونی مشیر کریں گے۔

م م / ک م / اے ایف پی، ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید