1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا کی سلامتی کے لئے امریکی وابستگی غیرمتزلزل ہے، اوباما

14 نومبر 2009

امریکی صدر باراک اوباما اپنے دورہ ایشیا کے دوسرے مرحلے میں آج سنگاپور میں ایپک کے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ اس سے قبل ہفتہ کو انہوں نے ٹوکیو میں ایک خطاب میں امریکہ کے لئے خطے کی اہمیت پر زور دیا۔

https://p.dw.com/p/KWnz
امریکی صدر باراک اوباما جاپانی وزیر اعظم یوکیویاتو یاما کے ساتھتصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت پیانگ یانگ کی جوہری دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔ ہفتہ کو ٹوکیو میں ایک خطاب میں اوباما نے کہا کہ شمالی کوریا تعاون کرے تو امریکہ اسے ایک مختلف مستقبل دینے کے لئے تیار ہے۔

ایشیائی ممالک کے دورے کے دوسرے روز ٹوکیو میں ایک اجتماع سے خطاب میں باراک اوباما نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے شمالی کوریا نے اشتعال انگیزی کا راستہ اختیار کیا ہوا ہے۔ انہوں نے پیانگ یانگ پر جوہری تنازعے کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر واپس لوٹنے پر زور دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا 1970ء اور 1980ء کی دہائی میں اغوا کئے گئے جاپانی شہریوں کے بارے میں اپنی پوزیشن واضح کرے، جس سے اس نے اپنے جاسوسوں کو جاپانی زبان اور ثقافت سے روشناس کرانے کے لئے اغوا کرایا۔ اوباما نے کہا کہ شمالی کوریا کے اس کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے ضروری ہے کہ جاپانی شہریوں کے اغوا کا مسئلہ حل کیا جائے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے مزید کہا کہ ایشیا کی سلامتی کے لئے امریکی وابستگی غیرمتزلزل ہے۔ انہوں نے میانمار پر حزب اختلاف کی رہنما آنگ سوچی کی رہائی کے لئے بھی زور دیا۔

اوباما نے عالمی سطح پر چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی خوشحالی سے تمام ممالک مستحکم ہو سکتے ہیں۔ اوباما نے مزید کہا کہ واشنگٹن حکومت بیجنگ پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتی تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ انسانی حقوق کے احترام کے لئے امریکی اقدار کو نظرانداز نہیں کریں گے۔

امریکی صدر اپنے دورہ ایشیا کے پہلے مرحلے میں جاپان میں ہیں۔ وہ چین، سنگاپور اور جنوبی کوریا بھی جائیں گے۔

Barack Obama USA Yukio Hatoyama Japan Flash-Galerie
اوباما ٹوکیو میں ایک نیوزکانفرنس کے دورانتصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما دورہ ایشیا کے پہلے مرحلے میں جمعہ کو ٹوکیو پہنچے، جہاں انہوں نے جاپانی وزیر اعظم یوکیو ہاتویاما سے ملاقات کی۔ انہوں نے جاپان امریکہ اتحاد کو سراہا اور اوکیناوا جزیرے پر قائم فوجی اڈے کی منتقلی پر لچک کا مظاہرہ کیا۔

اوباما ہفتہ کو سنگاپور میں اپیک کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں، جہاں سے اتوار کو وہ چین چلے جائیں گے۔ ایشیائی ممالک کے ان کے اس دورے کی آخری منزل جنوبی کوریا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر