1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایفرو فرانس سمٹ اختتام پذیر

2 جون 2010

فرانس اور افریقی ممالک کے مابین ہونے والی دو روزہ سمٹ کے دوران فرانس نے افریقی ممالک میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سمٹ میں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے بھی شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/NfGj
تصویر: AP

براعظم افریقہ میں چین کی بڑی سرمایہ کاری کی وجہ سے فرانس سمیت کئی دیگر مغربی ممالک افریقہ میں اقتصادی طور پر قدم جمانے میں کوئی خاص کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

فرانسیسی شہر نیس میں منعقد کی گئی اس ایفرو فرانس سمٹ میں 80 فرانسیسی تاجر رہنماؤں کے علاوہ افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والی کوئی ڈیڑھ سو کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس دوران فریقین کے مابین کئی معاہدوں کو بھی حتمی شکل دی گئی۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے اس سمٹ کے اختتام پر کہا کہ عالمی امور کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی افریقی ممالک کو ایک بڑی حیثیت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں عالمی ترقی میں افریقہ کا حصہ نمایاں ہوگا۔

اس موقع پر سارکوزی نے عہد کیا کہ وہ جی ایٹ اور جی بیس کے سمٹس کے دوران سلامتی کونسل میں اصلاحات تجویز کریں گے۔

اس سمٹ میں شریک اڑتیس سربراہان ریاست سے اپنے خطاب میں سارکوزی نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ جس براعظم میں اس دنیا کی پچیس فیصد آبادی سکونت پذیر ہے، اس علاقے کی سلامتی کونسل میں کوئی مستقل نمائندگی نہ ہو۔

سلامتی کونسل کی دس غیر مستقل سیٹوں پر تین نشستیں افریقہ کے پاس ہیں۔ افریقی ممالک سن 2005ء سے اس کوشش میں ہیں کہ سلامتی کونسل میں ان کی دو مستقل نشستیں ہوں اور ان کے پاس ویٹو کا حق بھی ہو۔

Symbolbild Korruption Afrika
جنبوی افریقہ کے صدر جیکب زوماتصویر: AP

اس سمٹ کے دوران کئی دیگر اہم معاملات کے علاوہ تحفظ ماحولیات، توانائی کا متبادل استعمال اور سولر انرجی کے شعبہ جات میں تعاون کو یقینی بنانے کے لئے مذاکرات کئے گئے۔

اس موقع پر فرانس نے اعلان کیا کہ وہ افریقہ میں بنیادی مسائل کے حل کے لئے ایک خصوصی فنڈ قائم کرے گا۔ افریقی زراعتی فنڈ کے لئے ابتدائی طور پر ایک سو بیس ملین ڈالر مختص کئے جائیں گے جبکہ اس فنڈ میں ڈالی جانے والی رقم تین سو ملین ڈالر تک بھی جا سکتی ہے۔ جنوی افریقہ کے صدر جیکب ذوما نے اس سمٹ کو ایک کامیاب ملاقات قرار دیا۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : عاطف توقیر