1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایمیزون: پیگیڈا کے میوزک سے ہونے والی کمائی مہاجرین کے لیے

عاطف بلوچ31 دسمبر 2015

امریکی آن لائن شاپنگ کمپنی ایمیزون نے کہا ہے کہ جرمنی میں سرگرم مہاجرین مخالف انتہائی دائیں بازو کی تنظیم ’پیگیڈا‘ کے میوزک سے اسے حاصل ہونے والا منافع جرمنی میں پناہ حاصل کرنے والوں ہی کے لیے عطیہ کر دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1HWZy
Deutschland Pegida
ایک برس قبل پیگیڈا نے اپنی تحریک سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر شروع کی تھیتصویر: picture alliance/dpa/S. Kahnert

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جمعرات کے دن آن لائن ریٹیلر ایمیزون کے حوالے سے بتایا کہ تارکین وطن کی آمد کی مخالف جرمن تحریک ’پیگیڈا‘ کے ایک مشہور گیت کے میوزک سے حاصل کردہ منافع مہاجرین پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ اجانب دشمنی یا غیر ملکیوں سے خوف کے نتیجے میں سر اٹھانے والی اس انتہائی کٹر نظریات کی حامل تحریک نے کرسمس کے موقع پر ہی یہ میوزک ایمیزون پر ریلیز کیا تھا۔

پیگیڈا نے اپنے گانے Gemeinsam sind wir stark (اکٹھے ہم مضبوط ہیں) کی صرف ٹیون ہی ریلیز کی تھی، جو جرمنی میں بے پناہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی گئی۔ ایمیزون کے مطابق پیگیڈا کا نعرہ تصور کی جانے والی یہ ٹیون گزشتہ کچھ دنوں کے دوران ہی ایک لاکھ اسّی ہزار مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی جا چکی ہے۔

amazon.de پر اس ٹیون نے معروف برطانوی سنگر اڈَیل کے گانے ’ہیلو‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جرمنی میں ڈاؤن لوڈ کیے جانے والوں گانوں اور میوزک کی فہرست میں ’ہیلو‘ اب دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔

جب ایمیزون نے فیصلہ کیا تھا کہ اس کی طرف سے پیگیڈا کی اس ٹیون کو ریلیز کیا جائے گا تو کئی حلقوں نے اس پر شدید تنقید کی تھی۔ کہا گیا تھا کہ ایمیزون اب انتہائی دائیں بازو کی اس اسلام مخالف تحریک کا میوزک آن لائن فروخت کر کے منافع کمانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ تاہم ایمیزون نے اس کمائی کو مہاجرین کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس تنقید کا بخوبی جواب دے دیا ہے۔

قبل ازیں پیگیڈا کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ایمیزون پر اس کی ٹیون سے ہونے والی کمائی کو جرمنی میں بے گھر افراد پرخرچ کیا جائے گا۔ تاہم اکتیس دسمبر کو ایمیزون کی جرمن زبان کی ویب سائٹ نے اعلان کیا کہ یہ رقوم جرمنی آنے والے مہاجرین کے لیے ہوں گی۔

ایمیزون کے مطابق اس میوزک سے حاصل کردہ منافع جرمنی میں فعال ایسی غیر سرکاری تنظیموں کو عطیہ کیا جائے گا، جو مہاجرین کی مدد کے لیے سرگرم ہیں۔

Logo des Internet-Versandhändlers Amazon
ایمیزون کے مطابق تارکین وطن کی آمد کی مخالف جرمن تحریک ’پیگیڈا‘ کے ایک مشہور گیت کے میوزک سے حاصل کردہ منافع مہاجرین پر ہی خرچ کیا جائے گاتصویر: Getty Images

ایک برس قبل پیگیڈا نے اپنی تحریک سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر شروع کی تھی۔ ابتداء میں چند سو لوگ ہی اس تحریک کی طرف متوجہ ہوئے تاہم آہستہ آہستہ اس نے زور پکڑنا شروع کیا اور بالخصوص ڈریسڈن میں ہزاروں افراد اس مہاجرین مخالف تحریک کے اہتمام کردہ مظاہروں میں شریک ہونا شروع ہو گئے۔

تاہم حال ہی میں اس تنظیم سے متعلق متعدد اسکینڈلز سامنے آنے کی وجہ سے اب اس کی مقبولیت میں کافی کمی ہو چکی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں