1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایٹمی توانائی ایجنسی نئے سربراہ کے انتخاب میں ناکام

ندیم گل27 مارچ 2009

عالمی ادارہ برائے جوہری توانائی، IAEA نئے سربراہ کے انتخاب میں ناکام ہو گیا ہے۔ آج ویانا میں ہونے والے انتخابی مرحلے میں جاپان کے امیدوار یوکی یا امانو ایک ووٹ کے باعث مقرر دو تہائی اکثریت تک نہ پہنچ سکے۔

https://p.dw.com/p/HLMD

IAEA ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لئے نامزد دوامیدواروں میں سے کوئی بھی کامیاب نہیں ہو سکا جس کے بعد اس عالمی ادارے کے سربراہ کے لئے انتخابی عمل نئے سرے سے شروع کرنا ہو گا۔

جاپان کے اُمیدوار یوکی یا امانو جنوبی افریقہ کے عبدالصمد منتی کو مسلسل پانچ انتخابی مرحلوں میں شکست دینے کے باوجود کامیاب نہیں ہو سکے۔ تاہم دونوں امیدوار نئے انتخابات میں بھی حصہ لینے کے اہل ہیں۔

Yukiya Amano
جاپان کے اُمیدوار یوکی یا امانوتصویر: AP

اس انتخابی عمل کی ناکامی کے بعد چار ہفتوں میں نئے امیدوار نامزد کئے جائیں گے اور مئی میں دوبارہ انتخابات منعقد ہوں گے۔ تاہم جون میں آئی اے ای اے کے بورڈ کے ارکان کے اجلاس سے پہلے نئے سربراہ کا انتخاب کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے رکن ترقی یافتہ ممالک جوہری عدم پھیلاؤ پر زور دے رہے تھے اور انہوں نے یوکی یا امانو کی حمایت کی۔ اس کے برعکس ترقی پذیر ممالک نے توانائی کے حصول کے لئے جوہری تکنیک بانٹنے کو اہمیت دی اور عبدالصمد متنی کو ووٹ دیا۔ یوں رکن ممالک کے درمیان یہی عدم اتفاق رائے دونوں امیدواروں کی ناکامی کی وجہ بنا۔

فی الحال امانو اور منتی کے علاوہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لئے کوئی تیسرا امیدوار سامنے نہیں آیا۔ تاہم مختلف ذرائع ادارہ برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے جوہری شعبے کے ہسپانوی سربراہ لوئیس اشاواری، دی ہیگ میں قائم کیمیاوی ہتھیاروں پر پابندی کے لئے ذمے دار ادارے کے سربراہ روگیلیو فرٹر اور آئی اے ای اے کے لئے چلی کے سفیر ملیکو کوک نک کو اس عہدے کے لئے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ساتھ ہی میکسیکو کے سابق صدر ایرنیسٹو زیڈیلو، ویانا میں قائم جوہری تجربوں پر پابندی کے لئے ذمے دار ادارے کے سربراہ ٹیبور ٹوتھ، آئی اے ای اے کے امور خارجہ کے شعبے کے سربراہ ولموس زروینے اور ناروے کے وزیر خارجہ یوناس گر کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔

Abdul Samad Minty
جنوبی افریقہ کے عبدالصمد منتیتصویر: AP

جوہری توانائی سے متعلق یہ عالمی ادارہ درپیش چیلنجز کی وجہ سے نئے سربراہ کے انتخاب کے عمل کو طول نہیں دینا چاہتا۔ دوسری طرف جوہری معاملات کی نزاکت اور رکن ممالک کے درمیان اختلاف رائے کے پیش نظر نئے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کے لئے اسے متعدد پہلوؤں کو مد نظر رکھنا ہوگا۔

آئی اے ای اے کے سربراہ کو ڈائریکٹر جنرل کہا جاتا ہے۔ جوہری توانائی سے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی سرگرمیوں کا پتا لگانا اور ان پر نظر رکھنا اور ایٹم کے پرامن استعمال کو فروغ دینا ان کے بنیادی فرائض میں شامل ہوتا ہے۔