ایکو اسلام کانفرنس کے شرکا کے پیغامات
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقد کی جانے والی دو روزہ ماحول دوست کانفرنس کے شرکا کا کہنا ہے کہ اسلامی تعلیمات بھی درس دیتی ہیں کہ انسان اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھے۔ انہوں نے اور کیا کہا؟ دیکھے تصاویر میں
دیبا راتی گوہا، سربراہ۔ شعبہ ایشیا ، ڈی ڈبلیو
ایکو اسلام کانفرنس میں شریک ڈی ڈبلیو کی شعبہ ایشیا کی سربراہ دیبا راتی گوہا نے کہا کہ تمام تہذیبوں اور براعظموں کے سبھی مذاہب تحفظ ماحول کا درس بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہب اسلام میں بھی اس پر زور دیا گیا ہے۔ گوہا کے مطابق بودھ مت، ہندو مت، مسیحیت، یہودیت اور اسلام میں قدرت کو ’خدائی تحفہ‘ قرار دیا جاتا ہے۔
مجتبیٰ حمیدی، سربراہ، واحد انسٹی ٹیوٹ انڈونیشیا
انڈونیشیا کے ایک ممتاز مذہبی ادارے کے سربراہ مجتبیٰ حمیدی نے کہا کہ اللہ نے انسانوں کو اپنا نمائندہ بنا کر زمین پر بھیجا ہے اور اس کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ خدا کی تخلیق کردہ قدرت کا خیال رکھے۔
آگسٹینا اسکندر، رکن، ورلڈ کلین اپ ڈے انڈونیشیا
آگسٹینا اسکندر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس زمین کی تباہی کے بعد انسانوں کے پاس ایسا کوئی دوسرا سیارہ نہیں، جہاں زندگی ممکن ہو۔ اس لیے سب لوگوں کو مل کر تحفظ ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ لوگ اس بات کو سمجھتے ہیں اور مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔
توفیق پاشا، تحفظ ماحولیات کے کارکن، کراچی
پاکستانی شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے تحفظ ماحولیات کے کارکن توفیق پاشا نے کہا کہ ماحول کا مطلب زمین ہے، جیسے دھرتی ماں بھی کہا جاتا ہے۔ لیکن ہم اس کے ساتھ ویسا برتاؤ نہیں کرتے جیسا ماؤں کے ساتھ کیا جانا چاہیے۔ زمین کی حالت اچھی نہیں ہیں، اور انسانوں نے ہی اس کا خیال رکھنا ہے۔
ہایوں پروبوو، تحفظ ماحول کے کارکن ، انڈونیشیا
انڈونیشیا میں ماحول دوست مساجد کی تعمیر کرنے کے منصوبے کے بانی ہایوں پروبوو کے مطابق اسلام میں قدرتی وسائل کو ضائع کرنا منع ہے اور مساجد کو ان آفاقی تعلیمات کی ایک مثال ہونا چاہیے۔
ابو سیام، ایسوسی ایٹ پروفیسر، ڈھاکا یونیورسٹی
بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے عالمی مذاہب کے پروفیسر ابو سیام نے بتایا کہ اسلام کے مطابق ماحولیات میں توازن انتہائی اہم ہے اور انسان اسی توازن کا ایک حصہ ہیں۔ اگر انسان قدرتی ماحول کو تباہ کر رہا ہے تو دراصل وہ اپنے خالق کی نافرمانی کر رہا ہے۔
احمد شبر، تحفظ ماحولیات کے کارکن، کراچی
کراچی میں ’گاربیج کین‘ کے بانی اور تحفظ ماحول کے کارکن احمد شبر کے مطابق انسانوں کی بقا کے لیے اچھا ماحول ناگزیر ہے۔ روز مرہ زندگی میں پائیدار طرز عمل پرامن مستقبل کی کنجی ہے۔