1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باب ڈیلان کےایشیا کے متعدد کنسرٹس منسوخ

5 اپریل 2010

امریکی راک لیجنڈ باب ڈیلان نے ایشیا میں منعقد ہونے والے اپنے متعدد کنسرٹس منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے اس اعلان کو چینی حکومت کے رویے کے خلاف احتجاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/MnF0
امریکی راک لیجنڈ باب ڈیلانتصویر: dpa

خبر رساں اداروں کے مطابق باب ڈیلان کو بیجنگ حکومت نے چین آکر کنسرٹ کا انعقاد کرنے کی اجازت نہیں دی، اس کے رد عمل میں راک موسیقی کے معروف امریکی ستارے نے متعدد دیگرایشیائی ممالک کے کنسرٹس کو بھی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اخبارسنڈے مارنگ پوسٹ کے مطابق ڈیلان کے کنسرٹس کی ایک سیریز اسی ماہ یعنی اپریل میں منعقد ہونا تھی، جس کے بعد اپریل کے وسط میں ان کا چین کا دورہ متوقع تھا، جہاں وہ دارالحکومت بیجنگ میں پر فارم کرنا چاہتے تھے۔

BdT China Björk in Schanghai zu Tibet
مشہور گلوکارہ Björk شنگھائی میں ایک کنسرٹ کے دوران ’تبت تبت ‘ پکارنا شروع کردیا تھاتصویر: AP

چینی حکام نے ان کے اس خواب کو چکنا چور کر دیا اور ان پر سفری پابندی عائد کر دی۔ باب ڈیلان کے کنسرٹس اور پرفورمنسز کی تشہیر کا کام کرنے والے ادارے کے نگراں جیفری واؤ کے بقول امریکی راک ستارے ڈیلان کی اس مرتبہ ایشیا کے دورے کی ہائی لائٹ بیجنگ میں ان کا کنسرٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی طرف سے ان پر پابندی لگا کر زیادتی کی گئی ہے کیونکہ ڈیلان اس سے بہت دل برداشتہ ہوئے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے دیگر ایشیائی ممالک میں ہزاروں مداحوں کے انتظار کے باوجود کنسرٹس کی سیریز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈیلان کی پرفورمنس اور دیگر پروگراموں کی تشہیر کے کام پر مامور ادارے کے نگراں جیفری واؤ کے مطابق چین کی ثقافتی امور کی وزارت ایک عرصے سے غیر ملکی موسیقاروں اور دیگر فنکاروں کو اپنے ہاں آنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے، اگرچہ بیجنگ حکومت کو بین الاقوامی برادری کی طرف سے ان معاملات پر کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، تاہم وہ پھر بھی روز بروز اس بارے میں سخت اور غیر مناسب رویے کی حامل ہوتی جا رہی ہے۔

یہ سلسہ دراصل بیجنگ نے آج سے دو سال قبل پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد سے شروع کیا ہے۔ ہوا یہ تھا کہ دو سال قبل آئس لینڈ کی مشہور گلوکارہ Björk کا ایک کنسرٹ شنگھائی میں منعقد ہوا۔ وہاں انہوں نے ’تبت تبت ‘ پکارنا شروع کردیا۔ تب سے چین غیر ملکی فنکاروں کو اپنے یہاں آنے اور آکر پرفارم کرنے کی اجازت دینے میں پس وپیش کا مظاہرہ کرنے لگا ہے۔

رپورٹ : کشور مصطفیٰ

ادارت : عاطف توقیر