1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بارسلونا میں یورپی لائٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ

31 جولائی 2010

سپین کے شہر بارسلونا میں لائٹ ایتھلیٹکس کی یورپی چیمپئن شپ 27 جولائی کو شروع ہوئی تھی اور یکم اگست کو اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔ اب تک کی کارکردگی میں روسی کھلاڑی سب سے آگے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OYij
سِلکے شپیگل برگتصویر: AP

روسی ایتھلیٹس نے اب تک مجموعی طور پر اُنیس تمغے حاصل کئے ہیں، جن میں سونے کے آٹھ اور چاندی کے پانچ تمغے شامل ہیں۔ سونے کے چار اور مجموعی طور پر دَس تمغوں کے ساتھ فرانس دوسرے جبکہ سونے کے تین اور مجموعی طور پر گیارہ تمغوں کے ساتھ برطانیہ اب تک کے مقابلوں میں سرِ فہرست ہے۔ ہفتہ اکتیس جولائی اِس چیمپئن شپ کا پانچواں دن ہے۔

تمغوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر جرمن کھلاڑی ہیں، جنہوں نے اب تک مجموعی طور پر سات تمغے جیتے ہیں۔ اِن میں سونے اور چاندی کے تین تین اور کانسی کا ایک تمغہ شامل ہے۔

جرمنی کی اِس کارکردگی میں نمایاں حصہ خواتین کھلاڑیوں کا ہے۔ ایک سو میٹر کی دوڑ میں ویرینا سیلر نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے جبکہ نیزہ بازی میں لِنڈا شٹاہل نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سونے کے تمغے جیتے۔ خواتین کی نیزہ بازی میں چاندی کا تمغہ بھی جرمنی ہی کی کرسٹیانا اوبرگ فوئل کے حصے میں آیا۔ ہیمر تھرو میں بیٹی ہائیڈلر اول آتے ہوئے سونے کے تمغے کی حقدار ٹھہریں۔

Verena Sailer und Linda Stahl Gewinnerinnen EM 2010
ویرینا سیلر اور لِنڈا شٹاہلتصویر: AP

خواتین کے پول والٹ مقابلوں میں بھی جرمن خواتین کا پلہ بھاری رہا۔ چاندی کا تمغہ سِلکے شپیگل برگ نے جبکہ کانسی کا تمغہ لیزا رائزی نے جیتا۔ اب تک جرمنی کے لئے تمغہ جیتنے والے واحد مرد کھلاڑی برلن سے تعلق رکھنے والے کارسٹن شلانگن ہیں، جنہوں نے 1,500 میٹر کی دوڑ میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

اِس یورپی چیمپئن شپ میں ہونے والے مقابلوں کی مجموعی تعداد سینتالیس ہے۔ صرف آج ہفتے کے روز ہی اِن میں سے بائیس مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔ آج ڈِسکس تھرو کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے عالمی چیمپئن رابرٹ ہارٹنگ اپنے شعبے میں سونے کا تمغہ جیتنے کی اُمید کر رہے ہیں۔ پچیس سالہ ہارٹنگ کو پورا یقین ہے کہ وہ ستر میٹر دور ڈسکس پھینک سکیں گے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل