1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بازوؤں سے محروم بے گھر آرٹسٹ کا سیاح پر قینچی سے حملہ

12 جولائی 2018

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک بے گھر آرٹسٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو دونوں بازوؤں سے محروم ہے لیکن جس نے ایک سیاح پر قینچی سے حملہ کر دیا تھا۔ ملزم اس سیاح پر دو بار وار کرنے کے بعد موقع واردات سے فرار بھی ہو گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/31LcH
تصویر: DW/Lucija Bušić

نیوز ایجنسی روئٹرز کی جمعرات بارہ جولائی کو میامی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس بے گھر امریکی شہری کی عمر 46 برس ہے اور اسے ریاست فلوریڈا میں میامی بِیچ نامی کاؤنٹی سے اس لیے گرفتار کر لیا گیا کہ اس نے ایک شخص کو قینچی سے حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

ملزم کا نام جوناتھن کرَین شا ہے، جو ریاست فلوریڈا ہی کا رہائشی ہے۔ اس نے جس امریکی شہری کو ایک قینچی سے دو وار کر کے زخمی کر دیا، وہ شکاگو کا رہائشی بتایا گیا ہے، جو فلوریڈا کی سیاحت کے لیے میامی بِیچ آیا ہوا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنے بازو نہ ہونے کی وجہ سے اس 22 سالہ مقامی سیاح پر حملہ اس طرح کیا کہ اس نے ایک تیز دھار قینچی اپنے ایک پاؤں سے پکڑی ہوئی تھی۔ پولیس کو زخمی سیاح اس حالت میں ملا تھا کہ اس کے ایک بازو سے خون بہہ رہا تھا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا۔

یہ واقعہ منگل دس جولائی کو رات گئے پیش آیا اور میامی بِیچ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کَرینشا کو، جو موقع واردات سے فرار ہو گیا تھا، اگلے روز گرفتار کر لیا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم کرَینشا، جو بے گھر ہے اور رات کے وقت کسی نہ کسی پارک یا پل کے نیچے سو جاتا ہے، ایک خود ساختہ آرٹسٹ بھی ہے۔

Farbpalette
تصویر: Fotolia/Marius Graf

پولیس کے مطابق میامی بِیچ کاؤنٹی کے علاقے ساؤتھ بَیچ میں باقاعدگی سے دکھائی دینے والے انسانی کرداروں میں سے جوناتھن کَرینشا ایک ایسا کردار ہے، جو ہر کسی کو کہیں نہ کہیں نظر آ ہی جاتا ہے۔

یہ آرٹسٹ گزشتہ کئی برسوں سے بے گھر ہے اور عام طور پر ساؤتھ بِیچ کے علاقے میں لنکن مال روڈ پر بیٹھا کینوس پر تصویریں بناتا رہتا ہے۔ وہ یہ تصویریں بھی اپنے پیروں سے بناتا ہے اور وہاں سے گزرنے والے سیاح اسے دیکھ کر نہ صرف اس کے ہنر کی داد دیتے ہیں بلکہ اسے کچھ نہ کچھ رقم بھی دے دیتے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ خیرات کے طور پر ملنے والی یہی رقم اس ملزم کی واحد آمدنی ہوتی تھی، جس سے وہ اپنی گزر بسر کر لیتا تھا۔ اب لیکن وہ پولیس کی حراست میں ہے اور یہ بات واضح نہیں کہ اس نے دس اور گیارہ جولائی کی درمیانی رات شکاگو سے آنے والے 22 سالہ سیاح پر حملہ کیوں کیا تھا۔

م م / ش ح / روئٹرز