1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی ووڈ کی نئی فلم، باڈی گارڈ سپر ہٹ

2 ستمبر 2011

نئی بھارتی ایکشن فلم باڈی گارڈ نے پہلے دو دنوں میں بھارتی باکس افس کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ فلم خاص و عام میں مقبول ہوئی ہے۔ اس فلم کے مرکزی اداکار سلمان خان اور کرینہ کپور ہیں۔ سلمان خان فلم میں باڈی گارڈ بنے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12SD9
کرینہ کپورتصویر: AP

بھارتی فلمی صنعت کے معروف مبصرین اور ناقدین کے مطابق اس ویک اینڈ پر یہ فلم اپنی ریلیز کے ابتدائی ایام کے دوران ان تمام فلموں کے باکس آفس ریکارڈز کو توڑ دے گی جو ماضی میں مقبول ہو چکی ہیں۔

اس نئی فلم میں سلمان خان نے کرینہ کپور کے محافظ یا باڈی گارڈ کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم 2010ء میں اسی نام سے ملیالم زبان کی ایک فلم کا ری میک ہے۔ ممتاز فلمی مبصر ترن آدرش نے بھارتی فلمی صنعت سے متعلق  ایک ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ پر لکھا ہے کہ سلمان خان کی فلم باڈی گارڈ نے ہندی سینما کی تاریخ میں سابقہ تمام ریکارڈز کو تہس نہس کر دیا ہے۔

اس فلم نے ریلیز کے پہلے دن یعنی بدھ کے روز 215 ملین روپے کا بزنس کیا۔ دوسرے روز جمعرات کو فلم باڈی گارڈ کو 183 ملین روپے کی مزید آمدنی حاصل ہوئی۔ اس طرح دو دنوں میں اس فلم نے 398 ملین روپے کا شاندار بزنس حاصل کیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ بدھ کے روز فلم ریلیز کرنے کا مطلب تھا کہ یہ فلم اگلے دونوں دن زیادہ سے زیادہ شائقین کو اپنی جانب راغب کر سکے۔ اگلے دو دن بھارت میں عام تعطیلات کے تھے۔ اس باعث توقع کی گئی تھی کہ ہفتہ اور اتوار کے دنوں میں بھی یہ ریکارڈ بزنس کرے گی۔

Flash-Galerie Salman Khan
باڈی گارڈ اداکار سلمان خان کی ایک اور سپر ہٹ فلم ہےتصویر: AP

ترن آدرش نے یہ اعداد وشمار ریلائنس اسٹوڈیو انٹرٹینمٹ سے حاصل کیے ہیں۔ آدرش کا مزید کہنا ہے کہ جمعہ کے بعد اس فلم کا بزنس مزید عروج حاصل کرے گا۔

 باکس آفس انڈیا نامی ویب سائٹ کے مطابق سلمان خان کی اس فلم نے پچھلے سال کی ان ہی کی فلم دبنگ سے زیادہ بزنس کیا ہے۔ دبنگ نے پہلے دن  193 ملین روپے کا بزنس کیا تھا لیکن ان کی نئی فلم نے دبنگ کا پہلے روز کے بزنس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

فلم دبنگ نے پہلے ہفتے 653 ملین روپے کا بزنس کیا تھا، جبکہ عامر خان کی فلم تھری ایڈئٹس(3 Idiots) نے چھبیس ارب روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

رپورٹ:  سائرہ ذوالفقار

ادارت: عابد حسین

                                                                               

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید