1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’باپ جیسا نہ بن سکتا ہوں، نہ بننا چاہتا ہوں‘، ابھیشک بچن

امجد علی3 اگست 2015

کسی کو بھی فلم کی دنیا میں امیتابھ بچن جیسی شہرت کے حصول کی کوشش نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ایسا معجزہ کسی ایک زندگی میں ایک ہی بار ہوا کرتا ہے، یہ کہنا ہے، امیتابھ کے بیٹے اور اداکار ابھیشک بچن کا۔

https://p.dw.com/p/1G8zz
Amitabh Bachchan und Abhishek Bachchan
ابھیشک بچن اپنے والد امیتابھ بچن کے ساتھتصویر: AP

ممبئی سے بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ امیتابھ بچن (بِگ بی) نے اپنے چار عشروں پر پھیلے ہوئے کیریئر میں بے شمار ہِٹ فلمیں دی ہیں، جن میں ’دیوار‘، ’زنجیر‘، ’ڈان‘، ’شعلے‘، ’نمک حلال‘، ابھیمان‘، ’باغبان‘، ’بلیک‘ اور ’پا‘ جیسی یادگار فلمیں بھی شامل ہیں۔ بہتّر سالہ بِگ بی کو فن کی دنیا میں اُن کی خدمات کے بدلے میں پدم شری، پدم بھوشن اور پدم وبھوشن جیسے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

ابھیشک نے پی ٹی آئی کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے:’’مجھے سُپر اسٹار کے اُس مرتبے کے حصول کی خواہش نہیں ہے، جو میرے والد کے حصے میں آیا ہے ... کوئی بھی وہاں تک نہیں پہنچ سکتا اور نہ ہی کسی کو پہنچنے کی کوشش کرنی چاہیے، یہ ناقابلِ حصول ہے۔‘‘

ابھیشک کا کہنا تھا:’’وہ زندگی میں ایک ہی بار ہوا کرتا ہے اور بس۔ بہتر ہے اس بات کو مان لیا جائے اور آگے بڑھا جائے۔ وہ ایک سورج کی طرح ہیں ... بہتر ہے کہ سورج کے نیچے اپنی ایک چھوٹی سی جگہ بنا لی جائے۔‘‘

امیتابھ بچن اب عنقریب بیجوئے نمبیاڑ کی فلم ’وزیر‘ میں نظر آئیں گے، جس میں وہ فرحان اختر اور ادیتی راؤ حیدری کے ہمراہ شطرنج کے ایک ایسے ماہر کھلاڑی کے روپ میں نظر آئیں گے، جو مفلوج ہے۔

اُنتالیس سالہ ابھیشک کے مطابق اُنہیں اس بات کو دیکھ کر ہمیشہ تحریک ملتی ہے کہ کیسے بزرگ ہو جانے کے باوجود اُن کے والد ہمیشہ اپنے لیے نئی راہیں تلاش کرتے رہتے ہیں۔ فلم ’وزیر‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ابھیشک نے کہا:’’ابھی مَیں نے یہ فلم نہیں دیکھی، صرف اُس کا ٹریلر دیکھا ہے ، جو مجھے بہت اچھا لگا ہے۔ اس عمر میں بھی وہ خود کو ایک نئے روپ میں پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ ہے، ٹیلنٹ۔ اُنہوں نے ہمیشہ شاندار فلمیں کی ہیں۔‘‘

Flash-Galerie Indien Bollywood Abhishek Bachchan Aishwarya
امیتابھ بچن، اُن کی بہو ایشوریا رائے اور ابھیشک بچن، جو کہتے ہیں کہ اپنے اب تک کے پندرہ سالہ کیریئر میں اُنہوں نے اپنی ناکامیوں سے بہت کچھ سیکھا ہےتصویر: UNI

ابھیشک نے کہا کہ اپنے اب تک کے پندرہ سالہ کیریئر میں اُنہوں نے اپنی ناکامیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اُن کی فلموں ’یُووا‘، ’بنٹی اور ببلی‘، ’گرو‘، ’سرکار‘، ’دوستانہ‘ اور ’دھوم‘ کو کافی سراہا گیا ہے۔

ابھیشک بچن عنقریب اُمیش شُکلا کی فلم ’آل اِز وَیل‘ کے ساتھ ساتھ ’ہیرا پھیری تھری‘ اور ’ہاؤس فُل تھری‘ میں بھی نظر آئیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید