1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحرین گراں پری منسوخ تاہم انڈین گراں پری 30 اکتوبر کو ہی ہو گی

15 جون 2011

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی انتظامی کمیٹی نے باقاعدہ تصدیق کر دی ہے کہ2011ء سیزن کے دوران بحرین میں گراں پری ریس منعقد نہیں کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/11b2k
تصویر: dapd

بدھ کے دن جاری کیے گئے ایک بیان میں فارمولا ون کار ریس کی انتظامی کمیٹی FIA نے باقاعدہ سرکاری طور پر اعلان کیا ہے کہ رواں سیزن میں بحرین میں گراں پری ریس منعقد نہیں کی جائے گی تاہم انڈین گراں پری 30 اکتوبر کو ہی منعقد ہو گی۔

بحرین گراں پری ریس رواں سال مارچ میں منعقد کی جانا تھی تاہم وہاں حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں پیدا ہونی والی بحرانی صورتحال کے نتیجے میں فروری میں ہی یہ ریس معطل کر دی گئی تھی۔

Bahrein Formal 1 Grand Prix
رواں سیزن بحرین گراں پری ریس مارچ میں منعقد ہونا تھیتصویر: AP

رواں ماہ کے آغاز پر کہا گیا تھا کہ بحرین میں گراں پری ریس 30 اکتوبر کو منعقد کی جائے گی جبکہ بھارت میں ریس گیارہ دسمبر کو ہو گی۔ تاہم اس اعلان کے بعد فارمولا ون کار ریس میں شامل ٹیموں نے انتظامات کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ جس کے نتیجے میں ورلڈ موٹر سپورٹ کونسل نے بالآخر بحرین گراں پری ریس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب اس نئے فیصلے کے مطابق 30 اکتوبر کو بھارت میں پہلی مرتبہ گراں پری ریس منعقد کی جائے گی۔

FIA کے اس باضابطہ اعلان کو ایک حجت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ گزشتہ ہفتے ہی بحرین حکام نے کہہ دیا تھا کہ فارمولا ون ریس کا موجودہ کلینڈر دیکھتے ہوئے ممکن نہیں لگتا کہ رواں سیزن میں اب یہ ریس بحرین میں منعقد کی جا سکے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ بحرین اپنے ہاں اس ریس کو منعقد کروانے کے لیے اصرار بھی نہیں کرے گا۔

بحرین میں شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد وہاں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی تھی، جو رواں ماہ ہی ہٹائی گئی۔ تاہم وہاں ابھی تک حالات کشیدہ ہی بتائے جا رہے ہیں۔ بحرین میں گراں پری ریس منعقد کروانے کے خلاف انسانی حقوق کے اداروں نے بھی اپنی آواز بلند کی تھی۔ انسانی حقوق کے ایک ادارے کی طرف سے آن لائن قرارداد پر کم ازکم چار لاکھ ساٹھ ہزار افراد نے دستخط کیے تھے کہ احتجاجی طور پر بحرین میں گراں پری ریس منسوخ کر دی جائے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں