1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برسلز : شامی مہاجرين کے ليے ساڑھے تين سو ملين يورو مختص

عاصم سليم1 دسمبر 2015

يورپی يونين نے شامی مہاجرين کے ليے ساڑھے تين سو ملين يورو کی مالی امداد مختص کرنے کا اعلان کيا ہے۔ پناہ گزينوں کے موجودہ بحران سے نمٹنے کے ليے مالي اعتبار سے یہ اب تک کا سب سے بڑا امدادی پيکج ہے۔

https://p.dw.com/p/1HFSa
تصویر: Getty Images/AFP/O. Andersen

يورپی يونين کی خارجہ پاليسی کی سربراہ فیدریکا موگیرينی نے کہا، ’’شام ميں جاری جنگ پچھلی چند دہائيوں ميں سامنے آنے والا سب سے بڑا انسانی الميہ ہے اور ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم مہاجرين اور ان کی ميزبانی کے فرائض انجام دينے والوں کی مدد کريں۔‘‘ اس مد ميں ملنے والی امدادی رقوم لبنان، اردن، ترکی اور عراق ميں مقيم شامی مہاجرين کے ليے تعليم، صحت، خوراک اور ملازمت کے مواقع بڑھانے پر صرف کی جائے گی۔

اٹھائيس رکنی يورپی يونين کی توقع ہے کہ خطے کے ممالک ميں موجود شامی مہاجرين کی زندگیوں ميں بہتری لا کر يورپ پہنچنے والے پناہ گزينوں کی تعداد ميں کمی لائی جا سکے گی۔ بين الاقوامی ادارہ برائے ہجرت (IOM) کے مطابق رواں سال اب تک قريب نو لاکھ مہاجرين سياسی پناہ کی غرض سے يورپی براعظم پہنچ چکے ہيں۔

شامی مہاجرين کے ليے مجموعی طور پر يورپی يونين کے پاس 610 ملين يورو دستياب ہيں۔ ان ميں سے ابتدائی طور پر چاليس ملين يورو آئندہ برس مئی ميں فراہم کيے جائيں گے جبکہ بقيہ رقوم بھی آئندہ برس ہی مہیا کی جانا ہيں۔ منگل يکم دسمبر کے روز اعلان کردہ امداد سے 172,000 شامی بچوں کو تعليم فراہم کی جائے گی اور قريب چار لاکھ افراد کے ليے ملازمت کا انتظام کيا جائے گا۔ اس کے علاوہ سات لاکھ شامی مہاجرين کے ليے صحت کی بنيادی سہوليات کی فراہمی کو يقينی بنايا جائے گا جبکہ لبنان اور اردن ميں قريب ايک ملين مہاجرين کے ليے نکاسی کے نظام کو بہتر بنايا جائے گا۔

يہ امدادی رقوم خطے ميں سرگرم مختلف ايجنسيوں اور غير سرکاری تنظيموں کے ذريعے فراہم کی جائيں گی۔ يورپی يونين کی جانب سے اس سے قبل بھی دو سو ملين يورو کی امداد کا اعلان کيا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ اتوار کے روز منعقدہ ايک سمٹ ميں بھی شامی مہاجرين کی مدد کے ليے يورپی بلاک نے آئندہ دو برسوں کے دوران ترکی کے ليے تين بلين يورو کا اعلان کيا ہے۔

دريں اثناء ماہ نومبر ميں تقريباً 140,000 مہاجرين سمندری راستوں سے يورپ پہنچے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کميشن برائے مہاجرين UNHCR کے مطابق گرچہ يہ تعداد اب بھی کافی زيادہ ہے تاہم اگر اس کا موازنہ اکتوبر ميں يورپ پہنچنے والے پناہ گزينوں سے کيا جائے تو اس شرح ميں واضح کمی رونما ہوئی ہے۔ سال رواں ميں اب تک مجموعی طور پر قريب 880,000 پناہ گزين يورپ پہنچ چکے ہيں۔