1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی حکمران آئرلینڈ میں: سو برس بعد پہلا دورہ اسی سال

5 مارچ 2011

برطانوی ملکہ الزابیتھ دوئم اس سال جمہوریہ آئرلینڈ کا دورہ کریں گی، جو 1922 میں برطانیہ ہی سے آزادی حاصل کرنے والے اس ملک کا کسی برطانوی حکمران کا اولین دورہ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/10TtW
برطانوی ملکہ الزابیتھ ثانیتصویر: AP

لندن میں برطانوی ملکہ کے آفس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ الزابیتھ ثانی نے اس دورے کے حوالے سے ہمسایہ ملک آئرلینڈ کی خاتون صدر کی طرف سے دی گئی دعوت قبول کر لی ہے۔ برطانوی سربراہ مملکت آنے والے مہینوں میں اپنے شوہر شہزادہ فلپ کے ساتھ آئرلینڈ جائیں گی، جس کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

آئرلینڈ کے جزیرے کے جنوبی حصے پر مشتمل جمہوریہ آئرلینڈ کی تاج برطانیہ سے آزادی اور خود مختاری کی تاریخ بڑے تلخ تجربات سے بھری پڑی ہے۔ اس جزیرے کا شمالی حصہ ابھی تک برطانیہ کا ایک صوبہ ہے، جہاں ماضی میں اس صوبے کی برطانیہ سے علیحدگی اور اسے جمہوریہ آئرلینڈ کا حصہ بنانے کی عشروں تک جاری رہنے والی خونریز تحریک کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔

Schweiz Wirtschaft Weltwirtschaftsforum in Davos Großbritannien David Cameron
برطانوی وزیر اعظم کیمرون نے اس دورے کے اعلان کو برطانوی اور آئرش عوام کے درمیان مضبوط رابطوں کی علامت کا نام دیاتصویر: dapd

انہی میں سے ایک برطانوی ملکہ کے کزن لارڈ ماؤنٹ بیٹن بھی تھے، جن کو آئرش ری پبلکن آرمی نے ایک بم دھماکے میں 1979 میں ہلاک کر دیا تھا۔

شمالی آئرلینڈ میں قیام امن کے نتیجے میں برطانیہ اور جمہوریہ آئرلینڈ کے مابین تعلقات کے معمول پر آ جانے کے بعد یہ دورہ علامتی سطح پر انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس لیے کہ گزشتہ ایک صدی کے دوران کسی برطانوی ملکہ یا بادشاہ کا جنوبی آئرلینڈ یا بعد میں وہاں قائم ہونے والی جمہوریہ آئرلینڈ کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔

موجودہ برطانوی ملکہ الزابیتھ ثانی کی عمر اس وقت 84 برس ہے اور پچھلی مرتبہ آئرلینڈ کا دورہ کرنے والے برطانوی حکمران موجودہ ملکہ کے نانا جارج پنجم تھے، جنہوں نے 1911 میں جنوبی آئرلینڈ کا دورہ کیا تھا۔ جزیرہ آئرلینڈ کے جنوبی حصے پر مشتمل جمہوریہ آئرلینڈ کہلانے والی ریاست اس آخری شاہی دورے کے 11 برس بعد 1922 میں قائم ہوئی تھی۔

ڈبلن میں آئرش حکومت نے برطانوی ملکہ کی طرف سے آئرلینڈ کے اس آئندہ دورے کی تصدیق کیے جانے پر بہت خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اپنی نوعیت کے اس اولین دورے سے برطانیہ اور آئرلینڈ کے بہت اچھے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں