1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی وزیر اعظم کا دورہ بھارت منسوخ

صلاح الدین زین نئی دہلی
6 جنوری 2021

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے رواں ماہ کے لیے مجوزہ اپنا دورہ بھارت منسوخ کر دیا ہے۔ انہیں اس دورے کے دوران بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں بھی حصہ لینا تھا۔

https://p.dw.com/p/3nZHJ
Großbritannein London Boris Johnson
تصویر: Hannah McKay/REUTERS

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے پانچ جنوری کو اس ماہ کے اپنے مجوزہ دورہ بھارت کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ۔ انیس کے بحران کے سبب اس وقت ان کا برطانیہ میں ہونا بہت ضرروری ہے۔ جانسن نے کورونا وائرس کی نئی لہر کے سدباب کے لیے انگلینڈ میں پھر سے لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا ہے، جس کے تحت عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ بلا کسی سخت ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ 

جانسن اور مودی کی بات چیت

برطانوی وزیر اعظم کی ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ بورس جانسن نے دورے کی منسوخی کے سلسلے میں اپنے بھارتی ہم منصب سے فون پر بات چيت کی اور اس ماہ کے اواخر میں ہونے والے اپنے دورہ دہلی کی منسوخی پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا،’’قومی سطح پر لاک ڈاؤن کے اعلان کی روشنی میں، اور جس رفتار سے کورونا وائرس کی نئی قسم پھیل رہی ہے اس کے تناظر میں، وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے لیے برطانیہ میں رہنا ضروری ہے تاکہ وہ وائرس سے متعلق اقدامات پر اپنی توجہ مرکوز کر سکیں۔‘‘

برطانوی وزیراعظم کی ترجمان کا کہنا تھا کہ بورس جانسن نے فون پر بات چيت کے دوران وزیراعظم مودی کو بتایا ہے کہ انہیں امید ہے اس برس برطانیہ میں ہونے والی جی سیون سمٹ سے پہلے ہی وہ بھارت کا دورہ کر سکیں گے۔ برطانیہ نے رواں برس کی جی سیون سربراہی کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم نریندر کو بطور مہمان شرکت کرنے کی دعوت دی تھی، جسے مودی نے قبول کیا تھا۔

پاکستان میں کورونا کی نئی قسم کا پھیلاؤ

بیان میں یہ بھی کہا گيا کہ دونوں رہنماؤں نے بات چیت  کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر کرنے اور کورونا کی وبا سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

مہمان خصوصی

بھارت میں ہر برس 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد کی جاتی ہے، جس میں اکثر کسی غیر ملکی سربراہ مملکت یا حکومت کو بطور مہمان خصوصی شریک ہوتا ہے۔ اس بار اس کے لیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو دعوت دی گئی تھی اور گزشتہ دسمبر میں جب برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے بھارت کا دورہ کیا تو ان کی شرکت کی تصدیق کی تھی۔ اسی دورے کے دوران ڈومینک راب نے مودی کو جی سیون اجلاس میں شریک ہونے کا دعوت نامہ بھی دیا تھا۔

اس سے قبل سن 1993میں اس وقت کے برطانوی وزیراعظم جان میجر نے پہلی بار بھارت کی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی تھی اور اگر بورس جانسن اس بار کی تقریب میں شرکت کرتے تو ایسا کرنے والے وہ دوسرے برطانوی وزیر اعظم ہوتے۔ 

نئے مہمان کی تلاش

برطانیہ اس وقت کورونا وائرس کے شدید بحران سے دو چار ہے، جس پر قابو پانے کے لیے حکومت نے پھر سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ میں گزشتہ 29 دسمبر کے بعد سے ہی یومیہ پچاس ہزار سے بھی زیادہ کووڈ انیس کے نئے کیسز سامنے آتے رہے ہیں۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ ساٹھ ہزار نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ  بھارتی حکومت نے نئی مہمان خصوصی کی تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں بھارتی حکومت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پھیلے اس کے سفارت کار بھی  کافی سرگرم ہو گئے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں