1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 برطانیہ میں مہاجرین کا داخلہ روکنے کے لیے دیوار تعمیر

صائمہ حیدر
14 دسمبر 2016

شمالی فرانس میں ساحلی شہر کیلے کی بندر گاہ سے جڑی برطانوی سرحد پر مہاجرین کو برطانیہ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے دیوار تعمیر کر دی گئی ہے۔ دیوار کی تعمیر کے لیے رقم برطانوی حکومت نے فراہم کی ہے۔

https://p.dw.com/p/2UFg3
Frankreich Mauer blockiert Weg von Flüchtlingen - Autobahn bei Calais
چار میٹر بلند اور ایک کلو میٹر طویل یہ دیوار مستقبل میں مہاجرین کو برطانیہ میں داخلے سے روکنے میں مددگار ثابت ہو گیتصویر: Getty Images/AFP/P. Huguen

یہ دیوار کَیلے کی بندرگاہ اور چینل ٹنل (رودبار انگلستان کے نیچے سرنگ) کے درمیان پہلے سے موجود باڑ میں ایک اضافہ ہے۔ تاہم مہاجرین کے برطانیہ کی طرف سامانِ رسد لے کر جانے والے ٹرکوں میں کودنے کا خطرہ اب ٹل چکا ہے۔

 مقامی ترجمان اسٹیو باربے کا کہنا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں کیلے کے قریب واقع مہاجر کیمپ ’جنگل‘ کے فرانسیسی حکومت کی جانب سے انہدام کے بعد سے کسی مہاجر کے ٹرک میں کودنے کی کوشش کا واقعہ  پیش نہیں آیا۔ باربے نے منگل مورخہ 13 دسمبر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس روزانہ شہر اور  اِس کے گرد و نواح کا گشت کرتی ہے اور اُسے کوئی نیا مہاجر کیمپ نہیں ملا ہے۔ ماسوائے چند مٹھی بھر مہاجرین کے جو بندرگاہ پر اب بھی موجود ہیں۔

مقامی ترجمان کے مطابق چار میٹر بلند اور ایک کلو میٹر طویل یہ دیوار مستقبل میں مہاجرین کو برطانیہ میں داخلے سے روکنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ خیال رہے کہ  فرانس کے شمالی ساحلی شہر کیلے کے قریب قائم ’جنگل‘ نامی مہاجر بستی کو رواں سال اکتوبر کے آخری ہفتے میں خالی کرا لیا گیا تھا اور یہاں سے تمام تارکینِ وطن کو فرانس بھر میں مختلف استقبالیہ مراکز میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

 اس کیمپ میں آباد زیادہ تر مہاجرین کا تعلق افغانستان اور افریقی ممالک سے تھا۔ اطلاعات کے مطابق چھ تا آٹھ ہزار مہاجرین اور تارکین وطن نے اس کیمپ میں بسیرا کر رکھا  تھا۔