1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ کی لیبر پارٹی نے ایڈ ملی بینڈ کو نیا رہنما چن لیا

26 ستمبر 2010

برطانیہ کی لیبر پارٹی نے ہفتے کے روز ہونے والے پارٹی لیڈر کے انتخاب میں سابق وزیر توانائی ایڈورڈ ملی بینڈ کو اپنا نیا قائد منتخب کر لیا۔ انہوں نے پارٹی انتخاب میں اپنے بھائی ڈیوڈ ملی بینڈ کو شکست دی۔

https://p.dw.com/p/PMoC
لیبر پارٹی کے نئے سربراہ ایڈ ملی بینڈتصویر: AP

مانچسٹر میں ہونے والے پارٹی الیکشن میں ایڈ ملی بینڈ کے مد مقابل سابق وزیرخارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ تھے، تاہم جماعت کے اراکین نے ایڈورڈ ملی بینڈ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

David Miliband, und Ed Miliband Labour Party
ایڈ ملی بینڈ نے اپنے بھائی ڈیوڈ ملی بینڈ کو شکست دیتصویر: AP

ایڈ ملی بینڈ کے سامنے اب عوامی شعبے میں بڑے پیمانے پر حکومتی بچتی منصوبے پر مزاحمت جیسے مسائل ہیں۔ لیبر پارٹی کا خیال ہے کہ ایسے اقدامات کا تمام تر بوجھ کم آمدنی والے افراد کو برداشت کرنا پڑے گا۔

سابق حکمران جماعت لیبر پارٹی مئی میں منعقدہ عام انتخابات میں قدامت پسندوں کی ٹوری پارٹی کے ہاتھوں شکست اور پارٹی رہنما گورڈن براؤن کے مستعفی ہو جانے کے بعد سے کسی نئی قائد کی تلاش میں تھی۔ لیبر پارٹی کو حالیہ انتخابات میں 13 برسوں میں ہونے والی یہ پہلی شکست تھی۔

لیبر پارٹی کے نئے رہنما کے طور پر چالیس سالہ نوجوان مگر توانا آواز کے مالک ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ نئی نسل لیبر پارٹی کی قیادت سنبھالے۔ جب انہیں انتخاب کے بعد خطاب کے لئے بلایا گیا، تو ہزاروں پارٹی کارکنان نے بھرپور تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔

Gordon Brown Rücktritt Mai 2010
انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد براؤن پارٹی قیادت سے مستعفی ہو گئے تھےتصویر: AP

ایڈورڈ ملی بینڈ نے پارٹی کارکنان سے اپنے خطاب میں کہا : ’’میری نظر میں، ہمیں بجٹ خسارے کو ہر حال میں کم کرنا چاہئے مگر اس کے لئے معیشت میں اصلاحات کی جائیں نہ کہ غریب اور کم آمدنی والے طبقے کو سزا دی جائے۔‘‘

رواں برس مئی تک اپنی مقبولیت کے گراف میں انتہائی نیچے آ جانے والی لیبر پارٹی گزشتہ چند ہفتوں میں ایک مرتبہ پھر عوامی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق مقبولیت کے اعتبار سے اس وقت وہ کنزرویٹو پارٹی کے برابر ہے۔

پارٹی لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے ڈیوڈ ملی بینڈ کو خاصا فیورٹ سمجھا جا رہا تھا، تاہم ڈیوڈ ملی بینڈ کو اپنے بھائی ایڈورڈ ملی بینڈ کے ہاتھوں انتہائی کم ہی ووٹوں سے سہی، مگر شکست ہو گئی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں