1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطرف بھارتی سپاہی تیج بہادر یادیو ایک بار پھر ایکشن میں

صائمہ حیدر
24 اگست 2017

بھارتی فوج میں راشن کرپشن اسکینڈل پر برطرف انڈین فوجی تیج بہادر یادیو نے سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو میں دھمکی دی ہے کہ اگر مودی حکومت نے  فوجی حکام کے خلاف اُس کے الزامات کی تفتیش نہ کروائی تو وہ ہتھیار اٹھا لے گا۔

https://p.dw.com/p/2imbo
Screenshot Youtube- BSF Jawan Tej Bahadur Yadav
تصویر: Youtube/NDTV

بی ایس ایف کے سپاہی تیج بہادر نے اعلی فوجی حکام پر جوانوں کو ناقص خوراک دینے اور راشن کی مبینہ خُرد بُرد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اپنی پہلی ویڈیو میں سنجیدہ نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔ اس ویڈیو کے سامنے آتے ہی بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کے سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی تھی اور دونوں جانب سے دلچسپ ٹویٹ پیغامات کے تبادلے بھی ہوتے رہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بی ایس ایف یعنی بھارت میں بارڈر سیکیورٹی فورسز کو بھی اپنا موقف بیان کرنا پڑا تھا۔

ابھی یہ معاملہ صحیح طور پرٹھنڈا نہیں ہوا تھا کہ گزشتہ روز بہادر یادیو نے سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو پوسٹ کر کے ایک بار پھر تہلکہ مچا دیا ہے۔ ویڈیو میں تیج بہادر نے بھارتی وزیر اعظم کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی فوج میں بد عنوان عناصر کے خلاف پچیس اگست تک تحقیقات نہ کی گئی تو وہ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے اور اُن کے ہتھیار اٹھانے کی ذمہ دار مودی سرکار ہو گی۔

Facebook Tej Bahadur Yadav BSF
تصویر: Facebook/Tej Bahadur Yadav

 یادیو کا کہنا تھا کہ انہیں ہر طرف سے پریشان کیا جارہا ہے اور انہیں بغاوت پر مجبور نہ کیا جائے۔ تیج بہادر یادیو کے بقول پہلے ہر وکیل کہہ رہا تھا کہ وہ میرا کیس لڑے گا لیکن آج وہ سب کہاں ہیں۔؟ یادیو نے کہا کہ کوئی ساتھ نہ دے لیکن تیج بہادر کرپشن کے خلاف اکیلا ہی لڑے گا۔

تیج بہادر کی اس تازہ ویڈیو کے فیس بک اور ٹویٹر پر وائرل ہونے کے ساتھ ہی پاکستان اور بھارت کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش میں ہے اور اس پر متضاد آراء اور تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں۔