1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بغاوت ناکام‘: فوج میں صفائی ناگزیر ہو گئی ہے، ایردوآن

عاطف بلوچ16 جولائی 2016

ترک صدر نے آج علی الصبح ایک نشریاتی خطاب میں کہا کہ فوج کے ایک چھوٹے سے گروہ کی طرف سے بغاوت کی سازش کو عوام نے ناکام بنایا ہے۔ استبنول میں انہوں نے مزید کہا کہ فوج میں شامل غداروں کو سخت سزا دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1JPql
Türkei Putschversuch Gewalt eskaliert
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Bozoglu

ترک فوج کے ایک گروہ نے دعویٰ کر رکھا ہے کہ اس نے ملک کی اہم تنصیبات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ جمہوری حکومت کے منتخب وزیر اعظم بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ فوجی بغاوت کی کوشش کو ناکام بنانے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ جمعے کی شب فوج کے ایک دھڑے نے اچانک ہی ملک میں مارشل لاء کے نافذ کا اعلان کر دیا تھا۔

اسی غیر یقینی صورتحال میں ہفتے کی صبح ترک صدر رجب طیب ایردوآن استنبول کے ہوائی اڈے پہینچے تو ان کے سینکڑوں حامیوں نے وہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے عزم سے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

اس موقع پر ایردوآن نے این ٹی وی کے ذریعے اپنے نشریاتی خطاب میں کہا کہ وہ اپنے عوام کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے بلکہ اپنے ملک میں ہی رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغاوت کرنے والوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہو گا۔

ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ بغاوت کی اس کوشش کے بعد ملکی فوج میں ’آپریشن کلین اپ‘ ناگزیر ہو گیا ہے۔ ایردوآن کا کہنا تھا کہ ملکی عوام کی وجہ سے یہ بغاوت ناکام ہوئی ہے۔ ایردوآن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بغاوت کے پیچھے امریکا میں مقیم ترک مذہبی رہنما فتح اللہ گؤلن کا کردار تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ عالمی بردای کے ساتھ ساتھ گؤلن نے بھی ترکی میں فوجی بغاوت کی کوشش کی سخت مذمت کی ہے۔ ایردوآن کے بقول انقرہ اور استنبول میں درجنوں باغی فوجیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور جلد ہی حالات مکمل طور پر قابو میں آ جائیں گے۔

Türkei Putschversuch Tausende von Menschen reagieren gegen Aufstand Versuch
تصویر: Reuters/H. Aldemir
Türkei Putschversuch Präsident Erdogan
تصویر: picture alliance/abaca/AA
Türkei Putschversuch Protest
تصویر: Reuters/T. Berkin

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق انقرہ اور استنبول سے کم ازکم پچاس باغی فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم ساتھ ہی ان دو اہم شہروں میں تشدد کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ جمعے اور ہفتے کی رات کے دوران وہاں متعدد دھماکوں کی اطلاع بھی ملی جبکہ ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ مسلسل فائرنگ بھی ہوتی رہی۔

خبر رساں اداروں کی طرف سے موصول ہونے والی متضاد اطلاعات کے مطابق انقرہ اور استنبول میں پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے ہیں، جن کے نتیجے میں مبینہ طور پر کم ازکم سترہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ صدر ایردوآن کی حامی افواج نے باغی فوجی گروہ کا ایک ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید