1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بغیر دستاویزات بھی مہاجرین کی ملک بدری ممکن: جرمن پولیس

صائمہ حیدر
22 جنوری 2017

وفاقی جرمن پولیس کے سربراہ کے مطابق سیاسی پناہ کی مسترد درخواستوں والے ایسے تارکینِ وطن کو جبراً واپس بھیجا جا سکتا ہے جو اپنے آبائی وطن سے متبادل سفری دستاویزات فراہم نہ کر سکتے ہوں۔

https://p.dw.com/p/2WDaP
Deutschland Flüchtlinge kommen an der ZAA in Berlin an
درست شناختی دستاویزات کا نہ ہونا عموماﹰ ملک بدری میں ناکامی کی وجہ بنتا رہا ہےتصویر: Getty Images/S. Gallup

جرمن پولیس کے سربراہ ڈیٹر رومان نے جرمن نشریاتی ادارے ’ڈوئچ لانڈ فنک‘ کو رواں ہفتے دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت جلا وطنی کے عمل کا پاسپورٹ کی متبادل دستاویزات یا اپنے ملک سے جاری کی ہوئی دستاویزات کے دکھانے پر منحصر ہونا ضروری نہیں یعنی مہاجرین کی ملک بدری کے لیے اُن کی جانب سے سفری دستاویزات کا مہیا کیا جانا ضروری نہیں۔

رومان کا کہنا تھا، ’’ماضی میں ایسا صرف اسی صورت میں ممکن تھا، جب کسی کے پاس اپنے ملک کی  یا پھر یورپی یونین میں سفر کرنے کے لیے جاری کردہ دستاویزات موجود ہوتی تھیں۔‘‘

درست شناختی دستاویزات کا نہ ہونا عموماﹰ ملک بدری میں ناکامی کی وجہ بنتا رہا ہے۔ جرمن پولیس کے سربراہ نے جبری واپسی کے حوالے سے  ایک وفاقی ادارے کے قیام کی بھی  درخواست کی۔ فی الوقت وفاقی جرمن ادارہ برائے مہاجرت اور ترکِ وطن اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ آیا کسی شخص کو پناہ کا حق ہونا چاہیے۔ بصورتِ دیگر یہ ذمہ داری  فارن آفس کے مقامی حکام اور پولیس کو منتقل ہو جائے گی۔

Berlin Attacke Weihnachtsmarkt Anis Amri
پولیس اس سال جولائی میں انیس العامری کی سیاسی پناہ کی درخواست رَد ہو جانے کے بعد اُسے جبراً وطن واپس بھیجنے کی کوشش کر رہی تھیتصویر: picture-alliance/Zumapress

مثال کے طور پر جرمنی کے شہر برلن کی ایک کرسمس مارکیٹ میں دہشت گردی کرنے والے تیونسی نژاد حملہ آور  انیس عامری کے حوالے سے رومان کا موقف یہ تھا کہ اگر ضابطے کی کارروائیاں ضروری نہ رہی ہوتیں تو پناہ کی در‌خواست رد ہونے کے بعد انیس عامری کو جلد ملک بدر کر دیا جاتا۔

 خیال رہے کہ پولیس اس سال جولائی میں انیس العامری کی سیاسی پناہ کی درخواست رَد ہو جانے کے بعد اُسے جبراً وطن واپس بھیجنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن ضروری شناختی دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں کر پا رہی تھی اور ویسے بھی تیونس نے اُسے اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں