1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بلا پھر سے ٹوُٹ گیا‘

کشور مصطفیٰ12 اکتوبر 2015

پاکستان کی حکمران پارٹی ’پی ایم ایل‘ نے اتوار کو صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 122 میں ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے تحت اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کو شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1GmUv
تصویر: Imago

سرکاری ٹی وی چینل ’پی ٹی وی‘ کے مطابق غیر حتمی اور غیر سرکاری طور پر حاصل ہونے والے نتائج سے لاہور کے حلقہ این اے 122 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار اور سابق اسپیکرایاز صادق کی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کی طرف سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق غیررسرکاری نتائج میں وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور اتحادی ایاز صادق پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے اُمیدوار علیم خان کے مقابلے میں 4,000 ووٹوں کی معمولی برتری حاصل ہوئی ہے۔

اتوار کو پولنگ کا عمل دن بھر جاری رہا تاہم پولنگ اسٹیشنوں پر موجود چند پریزائڈنگ افسران کا کہنا تھا کہ ووٹرز کا ٹرن آؤٹ توقع سے کافی کم رہا۔ بعض پولنگ اسٹیشنوں سے پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں کے مابین تصادم کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جس کے بعد پولیس نے کچھ گرفتاریاں بھی کیں۔

Pakistan PTI Chairman Imran khan
اتوار کے روز پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ’ن‘ کے حامیوں کے مابین تصادم کی اطلاعات ہیںتصویر: DW/S. Raheem

پیر کی صبح الیکشن کمشن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 348,000 رجسٹرڈ ووٹروں میں سے اتوار کو ہونے والی ووٹنگ میں 200,000 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

یاد رہے کہ 2013 ء میں لاہور کے حلقہ این اے 122 کے انتخابات میں بےضابطگیوں کے الزامات کے تحت مسلم لیگ ن کے امیدوار ایاز صادق کی کامیابی کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ جس کے بعد عمران خان کی قیادت والی پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن میں دھاندلیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار ایاز صادق نے لاہور میں کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب عمران خان کو دھرنوں کی سیاست ترک کر کے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔