1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلیک بیری اپلیکیشن میں پاکستانی کمپنی دنیا میں سرفہرست

22 دسمبر 2010

ایک پاکستانی آئی ٹی کمپنی فائیو ریورز کے مطابق معروف سمارٹ فون بلیک بیری کے لیے اس کی تیار کردہ ایک اپلیکیشن دنیا بھر میں بیسٹ سیلنگ قرار پائی ہے۔ قیمتاﹰ دستیاب یہ سوفٹ ویئر فوٹو ایڈیٹنگ سے متعلق ہے۔

https://p.dw.com/p/zoKX
تصویر: DPA

لاہور میں قائم سافٹ ویئر کمپنی فائیو ریورز کے مطابق اس کا تیار کردہ فوٹو ایڈیٹر سوئٹ Photo Editor Suite فروخت کے اعتبار سے بلیک بیری ایپ ورلڈ سٹور پر موجود تمام اپلیکیشنز میں سرفہرست رہا ہے۔ بلیک بیری ایپ ورلڈ سٹور پر آن لائن مختلف اپلیکیشنز اور سافٹ ویئرز ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں، جو بلیک بیری سمارٹ فون پر چلتے ہیں۔

فائیو ریورز کی ہیڈ آف آپریشنز اور پراڈکٹ مینیجمنٹ ماہِ زہرا حسین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا، " یہ نہایت زبردست خبر ہے، خاص طور پر پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری کے لیے۔ ہم خود کو دنیا میں سب سے اوپر محسوس کر رہے ہیں، جو نہایت شاندار ہے۔"

Mobile World Congress in Barcelona Flash-Galerie
فائیو ریورز بلیک بیری اور آئی فون کے علاوہ دیگر کئی سمارٹ فونز کے لیے اب تک 150 سے زائد اپلیکیشنز تیار کر چکی ہےتصویر: AP

ماہِ زہرا نے مزید بتایا کہ ان کی کمپنی کی تیارکردہ مذکورہ اپلیکیشن چوٹی کی پانچ اپلیکیشنز میں تو کافی عرصے سے موجود تھی، مگر اتوار 19 دسمبر کو یہ نمبر ایک کی پوزیشن پر پہنچ گئی۔

فوٹوایڈیٹر سوئٹ کے ذریعے دراصل بلیک بیری صارفین مختلف تصاویر کو کاٹنے، گھمانے اور ان کے رنگوں کے کنٹراسٹ اور برائٹ نیس کو درست کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان تصاویر کے سائز میں بھی ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔ ڈیڑھ برس قبل وجود میں آنے والی کمپنی فائیو ریورز کی ویب سائٹ کے مطابق یہ کمپنی اب تک بلیک بیری اور آئی فون کے علاوہ دیگر کئی سمارٹ فونز کے لیے 150 سے زائد اپلیکیشنز تیار کر چکی ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں