1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: اپ ڈیٹ

28 مارچ 2009

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے چھبیسویں میچ ڈے کے سلسلے میں اِس ویک اینڈ پر کوئی میچ شیڈیول نہیں ہے۔ یہ میچ اگلے ویک اینڈ پر کھیلے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/HLUZ
گزشتہ ہفتے، وولفس برگ کے کھلاڑی میچ جیتنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے۔تصویر: AP

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے چھبیسویں میچ ڈے کے لئے میچ اگلے جمعہ ، تین اپریل کھیلے جائیں گے۔ اِس جمہ، ہفتہ، اتوار کو بنڈس لیگا میں کوئی میچ شیڈیول نہیں ہے۔ تین اپریل بروز جمعہ کو ایک میچ شیڈیول ہے اور یہ آرمینیا بیلے فیلڈ بمقابلہ شالکے ہے۔ شالکے کی ٹیم اِس وقت سینتیس پوائنٹ کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر ہے جب کہ آرمینیا کی ٹیم پندرہویں پوزیشن پر ہے۔ چار اپریل کو پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔ اتوار، پانچ اپریل کو مزید تین میچوں کے مکمل ہونے سے چھبیسواں میچ ڈے مکمل ہو جائے گا۔

چھبیسویں میچ ڈے کے دوران ایک کانٹے دار میچ چار اپریل کو وولفس برگ اور بائرن میونخ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ یہ میچ اِس لئے اہم ہے کہ دونوں ٹیمیں برابر ہیں اور دوسری پوزیشن کی شراکت دار ہیں۔ اِس میچ سے اِن کے پوزیشن کا تعین ہوگا ۔ دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم ٹاپ ٹیبل پر جا سکتی ہے اگر ہیرتھا کلب اپنا میچ ڈارٹمنڈ کے خلاف جیتنے میں ناکام رہتی ہے۔ برابر رہنے پر بھی وہ گول اوسط کی بنیاد پر نیچے آ سکتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وولفس برگ مسلسل آٹھویں میچ میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے یا نہیں۔ وولفس برگ کو اپنے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ مل سکتا ہے۔ اِسی طرح ہوفن ہائیم اور ہیمبرگ کا میچ بھی خاصا دلچسپی کا حامل ہو گا۔ یہ میچ ہیمبرگ کو اپنے میدان پر کھیلنا ہے۔

برلن کی ہیرتھا کلب اپنی پہلی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں ہے۔ اُس کے اُنچاس پوائنٹ ہیں۔ اگلا میچ، چار اپریل کو وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ڈارٹمنڈ کے خلاف کھیلے گی۔ امکاناً اپنی موجودہ فارم کے ساتھ وہ یہ میچ جیتنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

BdT 17.05.08 Torwart Oliver Kahn beendet seine Karriere
جرمن قومی ٹیم کے عالمی شہرت کے سابق گول کیپر اولیور کہانتصویر: AP

ڈارٹمنڈ کی ٹیم نویں پوزیشن پر ہے۔ ڈارٹمنڈ کی ٹیم اپنے دفاعی کھیل کی وجہ سے خاصی مشہور ہے۔ اُس نے اب تک تیرہ میچوں کو برابر کھیلنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے جو سب سے زیادہ ہے۔ اگر یہ میچ برابر رہا تو وولفس برگ اور میونخ کی ٹیم میں سے جو میچ جیتے گی وہ پہلی پوزیشن کی حقدار بن سکتی ہے۔ اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لئے ہیرتھا کلب کو ڈارٹمنڈ کا ڈیفنس ہر قیمت پر توڑنا ہو گا وگرنہ وہ پہلے مقام سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔ اِس لحاظ سے ڈارٹمنڈ کلب کو چھپا رستم تصور کیا جاتا ہے۔

بنڈس لیگا میں جیتنے والی ٹیم کو تین پوائنٹ اور برابر کھیلنے والی ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جاتا ہے۔

اِس بیچ ایسے امکانات پیدا ہوئے تھے کہ شالکے کلب ہو سکتا ہے کہ عالمی شہرت کے سابق جرمن گول کیپر اولیور کہان کو بطور جنرل مینیجر منتخب کر لے مگر اب بات واضح ہو گئی ہے یہ ممکن نہیں۔ اولیور کہان نے اِس ریس سے باہر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ شالکے کلب کے صدر Josef Schnusenberg کا خیال ہے کہ سردست ایک عبوری کوچ کی ضرورت ہے کیونکہ کل نو لیگ میچ باقی ہیں اور حتمی کوچ کا مسئلہ کل وقتی جنرل مینیجر ہی طے کرے گا جو لیگ کے بعد منتخب ہو سکتا ہے۔