1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: پہلا میچ ڈے مکمل

8 اگست 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کی تکمیل پر پوائنٹس ٹیبل پر بہتر گول اوسط کی بنیاد پر اشٹٹ گارٹ کی ٹیم پہلی پوزیشن پر ہے۔ دوسرے مقام پر وُولفس برگ اور تیسرے پر ڈورٹمنڈ ہے۔

https://p.dw.com/p/12Ch3
بائرن میونخ کا گول کیپرتصویر: dapd

بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کے آخری دن رواں سیزن کے لیے شروع ہونے والی قومی لیگ کے آخری دونوں میچوں میں اپ سیٹ سامنے آئے۔ ایک میچ میں ریکارڈ ساز کلب بائرن میونخ کو شکست ہوئی تو دوسرے میچ میں گزشتہ سال بنڈس لیگا کی رنراپ ٹیم لیور کوزن کو ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

جرمن کلب بائرن میونخ بنڈس لیگا کی تاریخ میں کئی کارناموں کا حامل کلب تصور کیاجاتا ہے۔ اتوار کے روز نامی گرامی کھلاڑیوں سے سجی بائرن میونخ کی ٹیم کو مؤنشن گلاڈ باخ سے ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وقفے تک یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ فیصلہ کن گول میچ کے دوسرے ہاف کے باسٹھویں منٹ میں ہوا۔ گول کی وجہ گول کیپر مانوئیل نوئر اور دفاعی کھلاڑی ژروم بوایٹنگ کے درمیان مکس اپ تھا۔ مؤنشن گلاڈ باخ کی جانب سے یہ گول بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے برازیلوی نژاد ایگور ڈا کمارگو نے کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ بائرن میونخ کے گول کیپر اور دفاعی کھلاڑی کی اس سیزن میں مالیت 35 ملین یورو ہے۔ گزشتہ سیزن میں مؤنشن گلاڈ باخ بمشکل تنزلی کو بچا سکی تھی۔ اس کامیابی پر بائرن میونخ کی ٹیم تین قیمتی پوائنٹس کے حصول میں ناکام رہی۔

Flash-Galerie Bundesliga 1. Spieltag 2011/2012 FSV Mainz 05 - Bayer Leverkusen
اتوار کو مائنز کی جانب سے لیورکوزن کے خلاف گول کے بعد کا منظرتصویر: dapd

اتوار کے روز کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں گزشتہ سال چیمپیئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کلب لیورکوزن کی شکست کی کہانی ہے۔ لیورکوزن کو فٹ بال کلب مائنز نے دو گول سے ہرایا۔ لیور کوزن تمام تر کوششوں کے باوجود مائننز کلب کے خلاف میچ برابر نہیں کر سکی۔ مائنز کی جانب سے پہلا گول پہلے ہاف کے بتیسویں منٹ میں سامی آلاگوئی نے کیا۔ دوسرا گول دوسرے ہاف کے دوران بیاسویں منٹ پر عمر توپراک نے کیا۔

بنڈس لیگا کا دوسرا میچ ڈے معمول کے مطابق جمعہ کے روز شروع نہیں ہو گا بلکہ اس کا آغاز تیرہ اگست بروز ہفتہ ہو گا۔ اس دن کل سات میچ کھیلے جائیں گے۔ دوسرے میچ ڈے کے دوسرے دن یعنی اتوار چودہ اگست کو دو میچ شیڈول ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں