1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ بدستور نمبر وَن

31 جنوری 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے 20 ویں میچ ڈے کے دوران کل نو میچ کھیلے گئے۔ ڈروٹمنڈ پوائنٹس ٹیبل پر بدستور پہلے نمبر ہے جبکہ ریکارڈ چیمپئن بائرن میونخ تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔

https://p.dw.com/p/107ax
تصویر: picture alliance / dpa

اتوار کو بنڈس لیگا میں صرف دو میچ کھیلے گئے، جن میں فرینکفرٹ نے میونشن گلاڈباخ کوایک صفرجبکہ فرائی برگ نے شٹٹ گارٹ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔

شٹٹ گارٹ کے لیے یہ میچ ڈے ایک لحاظ سے بہت ہی بھاری ثابت ہوا۔ ایک تو ان کی قسمت پہلے ہی ان کا ساتھ نہیں دے رہی اور فرائی برگ نے شکست دے کراس خرابی قسمت میں مزید اضافہ کر دیا۔ اس دوران ریفری کی جانب سے کیے جانے والے چند فیصلے بھی شٹٹ گارٹ کے خلاف گئے۔ پھر یہ ہوا کہ شٹٹ گارٹ نے میچ کے88 منٹ میں گول کرنے کا ایک یقینی موقع بھی ضائع کر دیا۔ مارٹن ہیرنک گول کے سامنے کھڑے ہوئے تھے اور فٹ بال کو گول میں نہ پھینک پائے۔

اس شکست کے ساتھ شٹٹ گارٹ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر17 ویں نمبر پر ہے۔ اگر یہ نتیجہ تبدیل نہ ہوا تو اسے اگلا سیزن سیکنڈ بنڈس لیگا میں کھیلنا پڑے گا۔ اسی طرح میونش گلاڈ باخ نے فرینکفرٹ کو شکست دے کر دو اہم پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

یہ تو تھی پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے کی صورتحال تاہم 20 ویں میچ ڈے کے اختتام پراوپر والے حصے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم تاحال سرفہرست ہے۔ اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔ بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں اب تک کھیلے گئے 20 میچوں میں ڈورٹمنڈ کی یہ 16ویں فتح تھی۔ اس طرح اس وقت لیگ میں ڈورٹمنڈ کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن کے مقابلے میں11پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ لیورکوزن نے جمعہ کو ہینوور کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر لیگ میں دوسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا تھا۔

ہفتہ کو کھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپئن بائرن میونخ نے بریمن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر لیگ میں اپنی پوزیشن کو قدرے مضبوط کیا ہے۔ اس فتح کے ساتھ اب بائرن میونخ کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

Fußball DFB Pokal Alemannia Aachen gegen FC Bayern München
میونخ کی ٹیم تیسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہےتصویر: dapd

ایک اور میچ میں مائنز نے کائزرزلاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ مائنز کی ٹیم کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 36 ہوگئی ہے اور لیگ میں وہ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

20 ویں میچ ڈے کے دوران کھیلے گئے دیگر میچوں میں نیورمبرگ نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس کے علاوہ سینٹ پاؤلی نے کولون کو تین صفر سے ہرا دیا۔ شالکے اور ہوفن ہائم کے درمیان کھیلا گیا میچ شالکے کی شکست پر ختم ہوا۔ اس میچ میں ہوفن ہائم نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔

بنڈس لیگا کے حوالے سے کرائے جانے والے ایک آن لائن سروے کے مطابق47 فیصد افراد کا خیال ہے کہ ڈورٹمنڈ کی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ سروے میں شامل 22 فیصد افراد کی رائے میں بائرن میونخ اپنے اعزاز کا دفاع کر لے گی۔ 10فیصد کہتے ہیں کہ بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن کی فاتح ٹیم بائر لیورکوزن ہو گی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں