1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ہینوور کو سینٹ پاؤلی نے شکست دے دی

2 اکتوبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں جمعے کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں ہینوور 96 کی ٹیم کو لیگ میں شامل ہونے والی نئی ٹیم سینٹ پاؤلی نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/PSZi
ہینوور بمقابلہ سینٹ پاؤلی میچ کا ایک منظرتصویر: AP

اپنے ہوم گراؤنڈ پر اس شکست سے ہینوور کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا ایک آسان موقع گنوا دیا۔ کھیل کے آغاز سے ہی ہینوور کے کھلاڑی خاصے سست کھیل کا مظاہرہ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ آغاز کے کچھ ہی دیر بعد سینٹ پاؤلی کی جانب سے ماریوس ایبیرز نے گول کر کے اپنی ٹیم کوبرتری دلا دی۔ کھیل کا باقی وقت ہینوور کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کی راہ ڈھونڈنے میں صرف کیا تاہم سینٹ پاؤلی کے عمدہ دفاعی کھیل کی بدولت ہینوور کو کوئی بھی خاطر خواہ موقع فراہم ہو سکا۔

کھیل کے اختتام سے تقریبا دس منٹ قبل ہینوور کو ایک اور جھٹکا اس وقت لگا، جب اس ٹیم کے کھلاڑی کاریم ہاگوئی کو فاؤل کرنے پر سرخ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کر دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی سینٹ پاؤلی ٹیم اب لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر سات میچ کھیلنے کے بعد دس پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر آگئی ہے۔ ہینوور کے اب تک مجموعی پوائنٹس 13 ہیں۔

لیگ میں صرف مائنز کی ٹیم ایسی ہے، جو اب تک کھیلے گئے اپنے تمام میچوں میں فتح حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ہفتے کو مائنز کا مقابلہ لیگ میں اب تک چوتھے نمبر پر براجمان ٹیم ہوفن ہائم سے ہو رہا ہے۔ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم حیرت انگیز طور پر دسویں پوزیشن پر ہے۔ اتوار کے روز بائرن میونخ کو ڈوٹمنڈ کی ٹیم کا مقابلہ کرنا ہے۔

Flash-Galerie Fussball 1. Bundesliga Saison 10/11 Hannover 96 - FC St.Pauli
سینٹ پاؤلی کے ماریوس ایبیرز میچ کا واحد گول کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر میچز میں نیورنمبرگ کا مقابلہ شالکے کی ٹیم سے ہو رہا ہے۔ میونشن گلاڈباخ کی ٹیم وولفس برگ کے مدمقابل ہوگی۔ ہیمبرگ کا مقابلہ کائزرلاؤٹرن کی ٹیم سے ہوگا جبکہ فرائی برگ اور کولون کی ٹیموں میں قسمت آزمائی ہو گی۔

اتوار کو شٹٹ گارٹ اور فرینکفرٹ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ لیورکوزن کا مقابلہ ویردر بریمن کی ٹیم سے ہو گا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں