1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگ : پانچواں میچ ڈے مکمل

رپورٹ :عابد حسین ،ادارت:عدنان اسحاق14 ستمبر 2009

ماہرین کا اصرار ہے کہ بنڈس لیگا کے پانچویں میچ ڈے پر کوئی حتمی رائے مقرر نہیں کی جا سکتی کیونکہ ابھی اُنتیس میچ ڈے ابھی باقی ہیں۔

https://p.dw.com/p/JdoW
شالکے کلب اور کولون ٹیم کے درمیان میچ کا منظرتصویر: AP

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے پانچویں میچ ڈے کےتمام میچ مکمل ہوگئے ہیں۔ اتوار کو بقیہ دو میچوں میں ہےنوور اور ویردر بریمن کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے میچ میں شالکے کی ٹیم نے کولون کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

اِس سے قبل ہفتہ کے دِن سات میچ شیڈیول تھے۔ گزشتہ سال کی چیمپئن ٹیم وولفس برگ کا میچ بائر لیور کُوزن کے ساتھ تھا جس میں دفاعی چیمپئن کو دو کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بائر لیور کوزن کی ٹیم موجودہ سیزن میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اُس کی اب تک کے میچوں میں حکمت عملی بہتر نتائج مہیا کر رہی ہے۔ جس کی ایک وجہ نئے کوچ Jupp Heynckes کی محنت اور کھیل کے حوالے سے منصوبہ بندی ہے۔

Bundesliga 5. Spieltag Simon Rolfes Flash-Galerie
وولفس برگ کے خلاف بائر لیورکُوزن کا گولتصویر: dpa

موجودہ سیزن میں وولفس برگ کی ٹیم ابھی تک گزشتہ سیزن والی کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے۔ اِس کی ایک وجہ اُس کے سابقہ کوچ کا نہ ہونا ہے۔ وولفس برگ کے گزشتہ سال کے کوچ میگتھ فیلکس تھے۔ اُنہوں نے اب شالکے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ وولفس برگ کی ٹیم گزشتہ ہفتے کے دوران ساتویں پوزیشن پر تھی۔ تازہ شکست کے بعد اب وہ دسویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔

ہفتہ کے دِن کھیلے گئے دوسرے میچوں میں ہوفن ہائیم کوکافی عرصے کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر فتح نصیب ہوئی ہے۔ بوخم کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے ہوفن ہائیم کو تین گولوں سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ڈارٹمنڈ کی ٹیم اپنے دفاعی کھیل کی وجہ سے مشہور ہے مگر بائرن میونخ کے فارورڈ کھلاڑیوں نے شاندار تال میل سے ڈارٹمنڈ کے دفاع کو تار تار کردیا اور پانچ گول کئے۔ ڈارٹمنڈ کی ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب رہی۔

فرینکفرٹ کی ٹیم نے فرائی برگ کے خلاف میچ میں دو گولوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ گزشتہ سال برلن کی مضبوط ہیرتھا کلب کی مجموعی کارکردگی عمدہ رہی تھی لیکن اس وقت یہ کلب انتہائی نچلی پوزیشن یعنی سترہویں مقام پر ہے۔

Fußball Bundesliga Werder Bremen - Hanover 96
اتوار کا ایک اور میچ، بریمن اور ہےنوور کے درمیان کھیلا گیا۔تصویر: AP

ماہرین کا اصرار ہے کہ بنڈس لیگا کے پانچویں میچ ڈے پر کوئی حتمی رائے مقرر نہیں کی جا سکتی کیونکہ ابھی اُنتیس میچ ڈے ابھی باقی ہیں۔ گزشتہ سال بنڈس لیگ کے پہلے حصے میں ہوفن ہائیم کی ٹیم کو سبقت حاصل تھی بلکہ اُس کو موسمِ خزاں کی چیمپئن قرار دیا گیا تھا لیکن دوسرے حصے میں وولفس برگ کی شاندار کارکردگی اُس کو چیمپئن شپ حاصل کرنے میں معاون رہی۔

بنڈس لیگا میں کُل اٹھارہ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں اور ہر ٹیم ایک دوسرے کے ساتھ دو بار کھیلتی ہے۔ ایک بار اپنے ہوم گراؤنڈ میں اور دوسری بار مخالف ٹیم کے گھر میں جا کر۔

پانچوں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر ہیمبرگ کی ٹیم تیرہ پوائنٹ کے ساتھ سبقت حاصل کئے ہوئے ہے۔ بائر لیورکُوزن کے بھی تیرہ پوائنٹ ہیں لیکن گول اوسط کی بنیادپر اُس کو دوسرا مقام حاصل ہے۔ فرینکفرٹ کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہے۔ جرمنی کی مشہور فٹ بال کلب بائرن میونخ کی ٹیم پانچویں درجے پر ہے۔