1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنکاک میں حالات قابو میں ہیں: تھائی وزیراعظم کا خطاب

22 مئی 2010

تھائی لینڈ کے وزیراعظم ابھیسیت ویجاجیوا نے جمعے کے روز اپنے خطاب میں بنکاک میں فوجی آپریشن کی کامیابی کا اعلان کیا، ساتھ ہی کہا کہ ملک میں سیاسی اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔

https://p.dw.com/p/NUbd
تصویر: picture-alliance/dpa

ابھیسیت ویجاجیوا نے اس آپریشن میں فتح کا اعلان کرتے ہوئے اپنے ایک جذباتی خطاب میں کہا کہ ملک کی سلامتی کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کر لی گئی ہے مگر ابھی کئی طرح کے چیلنجز سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت فوجی کارروائی کی ضرورت ریڈشرٹ رہنماؤں کی جانب سے مظاہرے ختم کرنے کے اعلان کے بعد ان مظاہرین میں شامل مسلح افراد کے دکانوں کو لوٹنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے لئے نہایت ضروری ہوگئی تھی۔

Unruhe und Gewalt in Thailand
تھائی لینڈ میں حکومت نے مظاہرین کے خلاف آپریشن کا اعلان کیا تھاتصویر: AP

’’تھائی لینڈ میں ایسے پرتشدد بحران کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہم ملک میں حالات معمول پر لانے کی کوشش میں آگے بڑھتے رہیں گے۔ لیکن ہم سے آگے آگے وہ بہت سے اہم اور شدید نوعیت کے مسائل ہیں، جن سے ہمیں نبرد آزما ہونا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ انہیں فوجی آپریشن میں ہلاکتوں پر شدید دکھ ہے تاہم اس کے علاوہ کوئی چارہ بھی نہیں تھا۔ بدھ کے روز سے شروع ہونے والے آپریشن میں تقریبا 16 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں ایک اطالوی فوٹوگرافر بھی شامل ہے۔

چھ ہفتوں سے زائد عرصے تک بنکاک شہر میں جاری رہنے والے ریڈ شرٹ مظاہروں میں مجموعی طور پر 80 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

’’یہ آپریشن عین قانونی تھا بالکل ویسا جیسا دنیا بھر میں ایسے مواقع پر کیا جاتا ہے۔ تاہم سیف زون میں واقع مندر میں فائرنگ کے واقعے اور چھ افراد کی ہلاکت کی تفتیش ایک آزاد کمیشن کرے گا۔‘‘

Flash Galerie Unruhen in Bangkok
ریڈشرٹ رہنماؤں کی جانب سے ہتھیار ڈال دینے کے باوجود متعدد افراد نے سیکیورتی فورسز پر حملے کئےتصویر: AP

ٹیلی ویژن پر قوم سے اپنے خطاب میں ابھیسیت ویجاجیوا نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، تاہم انہوں نے کہا: ’’ہم سب ایک گھر کے باسی ہیں اور میں تمام افراد کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ مفاہمت کے عمل میں ہمارا ساتھ دیں۔‘‘

تھائی لینڈ کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے جانے والے ریڈ شرٹ رہنماؤں کے خلاف ملک میں منافرت پھیلانے کے علاوہ دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمات چلائے جائیں گے۔

اس بحران کے بعد تھائی لینڈ میں سیاسی تقسیم واضح ہو کر سامنے آئی ہے۔ ایک طرف تو ملک کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریب افراد پر مشتمل ریڈشرٹس ہیں اور دوسری طرف ملکی اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے ’یلو شرٹس‘‘۔ وزیراعظم ابھیسیت ویجاجیوا نے بنکاک میں ریڈشرٹس مظاہرین کے احتجاج کے دوران اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تھائی لینڈ سیاسی طور پر دو حصوں میں منقسم ہو چکا ہے، اور اس خلیج کی جڑیں نہایت گہری ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ