1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں فیس بُک پر عائد پابندی ختم

6 جون 2010

بنگلہ دیش نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ’فیس بُک‘ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سائٹ پر ابھی حال ہی میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت کے بعد بنگلہ دیش میں فیس بک پر پابندی لگادی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/NjNx
بنگلہ دیش نے چند روز قبل یہ پابندی عائد کی تھیتصویر: picture alliance/dpa

بنگلہ دیش کے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیڑی کمیشن BTRC نے ملک میں انٹرنیٹ مہیا کرنے والے ادارے کو ہدایات دی ہیں کہ فیس بک ان خاکوں کو اپنی سائٹ سے ہٹانے پر رضامند ہو گئی ہے، لہٰذا پابندی ختم کی جا رہی ہے۔ BTRC کے وائس چیئرمین حسن محمود دلاور نے بین الاقوامی خبر رساں اداروں سے بات چیت میں کہا کہ ملک میں فیس بک اب پھر سے عوام کے لئے دستیاب ہے۔

Protest gegen Facebook in Pakistan
پاکستان میں بھی عوامی احتجاج کے بعد ایک عدالتی حکم نامے میں فیس بک کو ملک بھر میں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھاتصویر: picture alliance / dpa

اس سے قبل ایک عدالتی حکم نامے کے تحت پاکستان میں بھی اس ویب سائٹ پر عائد پابندی اٹھا لی گئی تھی۔ اسلام آباد نے فیس بک سمیت تقریباً 120 دیگر ویب سائٹس پر پیغمبر اسلام کے متنازعہ خاکوں کی اشاعت کے بعد پابندی عائد کر دی تھی۔

بنگلہ دیش نے سماجی رابطے کی سائٹ فیس بک پر گزشتہ ماہ 29 تاریخ کو پابندی عائد کی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس سائٹ پر شائع ہونے والے متنازعہ خاکوں سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

بنگلہ دیش میں اس ویب سائٹ کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرے بھی کئے تھے۔ عوام کا مطالبہ تھا کہ اس سائٹ پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی جائے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی 144 ملین آبادی کا نوے فیصد مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ چند روز قبل فیس بک نے پیغمبر اسلام اور دیگر رہنماؤں کے خاکوں پر مبنی انٹرنیٹ صفحات ہٹا دئے تھے۔

رپورٹ: عاطف توقیر/خبر رساں ادارے

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں