1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش: ہم جنس پرستوں کے حقوق کے علم بردار کا بہیمانہ قتل

امجد علی25 اپریل 2016

پولیس اور میڈیا رپورٹوں کے مطابق بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں نا معلوم حملہ آوروں نے دو افراد کو، جن میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کے علمبردار ایک جریدے کا مدیر بھی شامل تھا، چاقوؤں کے وار کرتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

https://p.dw.com/p/1IcSe
Bangladesch Blogger Washiqur Rahman ermordet s/w
بنگلہ دیش میں اب تک متعدد بلاگرز کو اسی طرح بہیمانہ طرییقے سے قتل کیا جا چکا ہے (فائل فوٹو)تصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

ڈھاکا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پولیس افسر ریاض الاسلام نے عینی شاہدوں کے حوالے سے بتایا کہ کم از کم پانچ افراد بنگلہ دیشی دارالحکومت میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کے علمبردار جریدے کے ایڈیٹر سلہاز منان کی اپارٹمنٹ بلڈنگ میں داخل ہوئے۔ ان افراد نے ایسی یونیفارمز پہنی ہوئی تھیں، جن سے لگتا تھا کہ وہ کسی کوریئر سروس کے لیے کام کرتے ہیں۔

ان نامعلوم حملہ آوروں نے سلہاز منان کے ساتھ ساتھ اُس کے ایک دوست تنوئے موجمدار کو بھی ہلاک کر دیا اور ساتھ ساتھ سکیورٹی گارڈز پر بھی چاقوؤں سے حملے کیے۔ ڈھاکا میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منان امریکی ایمبیسی کا ملازم تھا۔

پرائیویٹ براڈکاسٹر سوموئے ٹیلی وژن نے بتایا ہے کہ منان ’رُوپ بان‘ نامی جریدے کا مدیر تھا۔ یہ بنگلہ دیش کا پہلا جریدہ ہے، جو ہم جنس پرست مرد و زن اور مخنث افراد کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا ہے۔

اس سے پہلے 2015ء میں دو بلاگرز نیلوئے نیل اور ابیجیت روئے کو اسی انداز میں مشتبہ مسلمان انتہا پسندوں کی جانب سے قتل کیا جا چکا ہے، جنہوں نے مکتومونا ویب سائٹ پر اس جریدے کو سراہا تھا۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق کالابنگن پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس افسر حبیب الرحمان نے رپورٹرز کو بتایا کہ منان سابق بنگلہ دیشی وزیر خارجہ دیپو مونی کا کزن تھا۔ حبیب الرحمان نے بتایا کہ حملہ آور نیلے رنگ کی شرٹس پہنے ہوئے تھے اور اُن کے ہاتھوں میں بیگ تھے۔

Symbolbild Bangladesch Verhaftung nach Ermordung von US-Blogger
مکتومونا ویب سائٹ کے بانی بنگلوہ دیشی نژاد امریکی بلاگر ابیجیت روئے کو بھی اسی طرح موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھاتصویر: Getty Images/AFP/M. Uz Zaman

تاحال کسی بھی گروپ نے اس واردات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ اس واقعے سے دو ہی روز پہلے شمالی بنگلہ دیش کے شہر راجشاہی میں ایک یونیورسٹی پروفیسر کو بھی اس انداز میں چھرا گھونپ کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعے کی ذمہ داری انتہا پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کی تھی۔

امریکی سفیر مرسیا بیرنیکیٹ نے ایک بیان میں سلہاز منان کے قتل کی مذمت کی ہے اور بنگلہ دیشی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس واردات کے ذمے دار عناصر کو گرفتار کرے۔ اپنے بیان میں خاتون سفیر نے مزید کہا ہے:’’سلہاز ہم سب کے نزدیک ایک دفتری ساتھی سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا تھا اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ امریکی ایمبیسی میں وہ ہمارے ساتھ کام کرتا تھا۔ وہ ایک پیارا دوست تھا۔‘‘

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے:’’ہم تشدد کے اس بے معنی اور احمقانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور پُر زور الفاظ میں حکومتِ بنگلہ دیش پر زور دیتے ہیں کہ وہ قتل کے اس واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید