1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن حر کا ری میک، کامیاب نہ ہو سکا

عابد حسین22 اگست 2016

ماضی کی مشہور اور انتہائی کامیاب فلم ’بن حر‘ کو دوبارہ بنانے کا تجربہ کامیاب نہیں رہا۔ اِس فلم کو رواں برس کی غیر معمولی طور پر ناکام فلم قرار دیا گیا ہے۔ یہ فلم 100 ملین ڈالرز کی لاگت سے تیار کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/1Jmtm
نئی فلم بن حر میں جیک ہسٹنتصویر: Universal Pictures

امریکی سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی نئی فلم ’بن حر‘ کوئی بھی خاطر خواہ اثر چھوڑنے میں ناکام رہی ہے۔ اس طرح رواں برس موسم گرما میں ریلیز ہونے والی یہ ایک بڑی ناکام فلم بن گئی ہے۔ ایک سو ملین ڈالرز کی لاگت سے تیار کی جانے والی مہماتی فلم ایک طرح سے ماضی کی گیارہ آسکرز یا اکیڈیمی ایوارڈ جیتنے والی فلم کا ری میک قرار دیا گیا تھا۔ ریلیز کے پہلے ہفتے کے دوران ’بن حر‘ صرف گیارہ ملین ڈالر کے قریب بزنس کر سکی۔

رواں ہفتے یہ باکس آفس ٹیبل پر پانچویں مقام پر ہے۔ پہلی پوزیشن ’سُوئے سائیڈ اسکواڈ‘ کو حاصل ہے۔ یہ فلم تین ہفتے قبل ریلیز کی گئی تھی۔ ابتدائی ہفتے میں کمزور کاروبار کے بعد شائقین ’سُوئے سائیڈ اسکواڈ‘ کو دیکھنے کے لیے سنیما گھروں تک پہنچ رہے ہیں۔ کیا ایسا ’بن حر‘ کے لیے بھی ممکن ہو گا؟

Ben Hur Film 2016 Nazanin Boniadi
نازنین بنیادی نئی فلم بن حر میں ایستھر کے کردار میںتصویر: picture-alliance/dpa/Paramount Pictures

’بن حر‘ جرمنی اور بعض دوسرے یورپی ملکوں میں پہلی ستمبر سے ریلیز کی جا رہی ہے۔ ایسا خیال کیا گیا ہے کہ امریکی سنیما گھروں کی طرح یورپی سنیماؤں میں بھی لوگ شاید ہی اِس کی جانب راغب ہوں۔ یہ فلم میٹرو گرلڈوین میئر اور پیراماؤنٹ کارپوریشن کی مشترکہ پیش کش تھی۔ فلم کی ریلیز سے قبل اِس فلم کو گرمائی موسم کا ایک بڑا ’فنکارانہ بم‘ قرار دیا جا رہا تھا اور توقع تھی کہ شائقین اِس کی بھرپور پذیرائی کریں گے۔ لیکن یہ بم ناکارہ ثابت ہوا۔ فلم کی ناکامی سے پیراماؤنٹ کارپوریشن پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

اس فلم میں بن حر کا کردار برطانیہ کے جیک ہٹسن نے ادا کیا ہے۔ اُس کی بیوی ایستھر کے لیے ایرانی نژاد اداکارہ نازنین بنیادی منتخب کی گئی تھیں۔

Ben Hur Film 1959 Charlton Heston und Haya Harareet als Esther???
سن 1959 کی بن حر فلم میں چارلٹن ہیسٹن اور حایا حراریت، بن حر اور ایستھر کے کرداروں میںتصویر: Imago/ZUMA Press

ناقدین کا کہنا ہے کہ بھاری بجٹ کی اِس فلم میں جیک ہٹسن سابقہ فلم کے ہیرو چارلٹن ہیسٹن کی پرفارمنس کے برابر نہیں پہنچ پائے۔ اسی طرح سابقہ فلم میں بگھیوں کی ریس نئی فلم سے کہیں زیاہ شاندار اور مکمل تھی۔

یہ فلم سن 1880 میں لکھے جانے والے لیو ویلس کے ناول پر مبنی ہے۔ اس پر سن 1925 میں ایک خاموش فلم بھی بنائی گئی تھی۔ ویلس کے ناول کا نام ’ بن حر، کرائسٹ کی کہانی‘ ہے۔

اِس پر سن 1959 میں بنائی گئی فلم کو ریکارڈ ساز کامیاب فلموں کی صف میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فلم میں مشہور اداکار چارلٹن ہیسٹن نے بن حر کا کردار ادا کیا تھا اور ہدایتکاری کے فرائض تاریخ ساز ہدایتکار ولیم وائلر نے انجام دیے تھے۔

وائلر کی فلم کو ایک درجن آسکرز کی نامزدگیاں حاصل ہوئی تھیں اور یہ فلم اُن میں سے گیارہ آسکرز یا اکیڈیمی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ یہ ایک ریکارڈ تھا جسے بعد میں فلم ’ٹائٹینک‘ نے برابر کیا تھا۔

نئی بن حر فلم سے قبل نوح نامی فلم بھی کوئی بڑی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکی تھی۔ اسی طرح ایک اور فلم ’ایکسوڈس‘ بھی شائقین کی پسندیدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید