1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بولی ووڈ کے ’کنگ خان‘ کا تاج عامر خان کے سر سج گیا

10 جولائی 2017

تین عشروں سے بھارتی فلمی صنعت پر ’خانوں‘ کی حکمرانی ہے۔ تاہم بھارتی فلمی ناقدین کے مطابق ریسلنگ بلاک بسٹر  ’دنگل‘ کی  ریکارڈ توڑ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اب ’کنگ خان‘ ورسٹائل اداکار عامر خان ہیں۔

https://p.dw.com/p/2gGbA
Indien Bollywood Schauspieler Aamir Khan in Mumbai
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Kakade

یوں تو ’بولی ووڈ کے خان‘ کے نام سے معروف اداکار سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کسی مبالغے کے بغیر ہندی فلم انڈسٹری کے چمکتے دمکتے ستارے رہے ہیں، لیکن سلمان خان کی فلمیں کچھ عرصے سے بہت کامیاب نہیں جا رہیں۔ رہی بات شاہ رخ خان کی تو وہ گزشتہ چار برسوں میں کوئی سپر ہٹ فلم دینے میں ناکام رہے ہیں۔ اس طرح فلم دنگل کی تاریخی کامیابی نے ’بولی ووڈ خانوں کے بادشاہ‘ کا تاج عامر خان کے سر پر سجا دیا ہے۔

بھارتی فلمی تجزیہ کار رمیش بالا نے تینوں اداکاروں کے بارے میں اپنی رائے دیتے ہوئے کہا،’’ یہ تینوں کامیابی کے سفر میں مساوی ہی رہے ہیں لیکن اب عامر خان باقی دونوں سے بازی لے گئے ہیں۔‘‘

 گزشتہ سال دسمبر میں بھارت میں پہلی بار ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک ’دنگل‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے ناقابلِ یقین ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ ’دنگل‘ ریلیز ہونے کے کچھ ہی عرصے میں بھارت کی سب سے زیاد کاروبار کرنے والی فلم بن گئی اور اس نے دنیا بھر میں بیس بلین روپے کا بزنس کیا۔

Bollywood Star Shahrukh Khan
شاہ رخ خان گزشتہ چار برسوں میں کوئی سپر ہٹ فلم دینے میں ناکام رہے ہیںتصویر: AP

فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ اس فلم کو اتنی زیادہ پذیرائی اس لیے ملی کیونکہ اس میں ایک محب وطن بھارتی کی کہانی بیان کی گئی ہے جو بھارتی معاشرے میں لڑکیوں کے ساتھ امتیازی رویے کے خلاف جنگ لڑتا ہے۔ ناقدین کے مطابق عامر کی کامیابی کا بڑا سبب اس فلم کے ذریعے دیا جانا والا پیغام ہے۔

بھارتی فلم ڈسٹری بیوٹر اکشے راٹھی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا،’’ عامر ایسے فرد ہیں جو اپنی فلموں کے لیے موضوع کا انتخاب بہت سوچ کر اور محنت سے کرتے ہیں۔ ایسے موضوعات جو فلم کو بھارتی سامعین سے جوڑ کر رکھیں۔‘‘

عامر خان مشکل کردار نبھانے کے لیے مشہور ہیں۔ دنگل فلم کے لیے اُنہوں نے 25 کلو گرام وزن بڑھایا اور پھر اتنا ہی وزن کم کیا۔ ایک اور کامیاب فلم ’پی کے‘ میں بھی سینما بینوں نے انہیں ایک انسان نما ’ایلین‘کے روپ میں بہت پسند کیا تھا۔