1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بوم بوم آفریدی، ون ڈے سیریز بھی پاکستان کے نام

21 نومبر 2011

شاہد آفریدی کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو26 رنز سے شکست دے کر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تین ایک سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم 200 رنز کے تعاقب میں 175رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/13E3v
تصویر: AP

بوم بوم آفریدی نے 65 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے اور 9.2 اوورز میں  35 رنز کےعوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہد آفریدی نے ایک ہی میچ میں نصف سنچری کے ساتھ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز دوسری مرتبہ حاصل کیا ہے۔ ابھی تک بین الاقوامی ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر پندرہ کھلاڑیوں نے ایک ہی میچ میں نصف سنچری کے ساتھ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سر انجام دیا ہے، لیکن شاہد آفریدی یہ اعزاز دو مرتبہ حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

شاہد آفریدی نے اس میچ میں 32 ویں نصف سنچری اسکور کی جبکہ چھٹی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔  فاسٹ بولر وسیم اکرم اور آف سپن بولر ثقلین مشتاق نے بھی اپنے کیریئر میں چھ چھ مرتبہ ہی پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ وقار یونس نے یہ اعزاز 13 مرتبہ حاصل کیا تھا۔

Shahid Afridi
شاہد آفریدی نے چھٹی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیاتصویر: AP

اس میچ کے ساتھ اب شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 201 میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ کو اب یہ اعزاز حاصل ہو گیا ہے کہ وہاں سب سے زیادہ ایک روزہ میچ کھیلے گئے ہیں۔ اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس تاریخی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تاہم سری لنکا کے بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کا ٹاپ آرڈر اڑا دیا۔

پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی ہی نمایاں بلے باز رہے، اس میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے آفریدی نے سعید اجمل کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں انتہائی اہم 61 رنز جوڑے۔ جب وہ کریز پر آئے تو پاکستان کے 71 کے مجموعی اسکور پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ بوم بوم آفریدی نے تاہم ذمہ دارانہ بلے بازی کے ساتھ ضرورت پڑنے پر عمدہ اسٹروک بھی کھیلے۔ شاہد آفریدی ہی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 201 رنز کا ہدف دیا۔ سری لنکا کی طرف سے دلہارا فرنینڈو نے تین جبکہ جیون مینڈس اور پرسانا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جب سری لنکا نے بظاہر ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کے پہلے تین کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہو گئے لیکن بعد ازاں سنگاکارا اور جے وردنے نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 102 رنز بنا کر پاکستانی ٹیم کو پریشان کر دیا لیکن سنگاکارا، جب 58 کے رنز پر آؤٹ ہوئے تو کوئی بھی دوسرا کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور جے وردنے کے آؤٹ ہونے کے بعد پوری ٹیم 174 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اس سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 23 نومبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ اس ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھی ایک صفر سے ہرا دیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں