1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُولے وائیو ٹیسٹ کا پہلا دن، زمبابوے کا پلڑا بھاری

1 ستمبر 2011

زمبابوے کے شہر بُولے وائیو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں جاری پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے واحد ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے جمعرات کو پہلے دن کے اختتام تک 245 رنز بنائے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

https://p.dw.com/p/12Rl9
پاکستانی کپتان مصباح الحقتصویر: AP

زمبابوے کے دورے پر گئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس دورے کے دوران کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم کے اوپنرز نے کھیل کا آغاز عمدہ طریقے سے کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے۔

اوپنر وی سبانڈا 45 رنز کے انفرادی اسکور پر سعید اجمل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے اوپنر ماویوا نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پارٹنر شپ جاری رکھی اور پہلے دن کے اختتام تک 82 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کے ون ڈاؤن بلے باز ماسا کاڈزا نے گیارہ رنز بنائے، انہیں سعید اجمل نے بولڈ کیا۔ کپتان بریڈن ٹیلر بھی سعید اجمل ہی کی ایک عمدہ گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہوں نے دس رنز بنائے۔ پہلے دن کی آخری وکٹ سہیل خان کے حصے میں آئی، جنہوں نے تابو کو 44 کے ذاتی اسکور پر واپس پویلین بھیج دیا۔ تابو کا کیچ وکٹ کیپر عدنان اکمل نے لیا۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Saeed Ajmal
سعید اجمل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: APImages

پہلے دن کے اختتام پر سلامی بلے باز ماویوا کے ساتھ اروین 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پاکستانی بولر جنید خان اور عزیز چیمہ کو کوئی کامیابی نہ ملی۔ عزیز چیمہ نے پندرہ اوورز کیے اور جنید خان نے اکیس۔ دونوں نے بالترتیب 48 اور 39 رنز دیے۔

پہلے دن کے اختتام پر زمبابوے کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔ دوسرے دن کے کھیل میں اگر پاکستانی بولرز پہلے سیشن میں وکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہے تو پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اس میچ پر گرفت مزید کمزور پڑ سکتی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید