1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُکر پرائز 2009ء کے لئے تیرہ کتابیں نامزد

رپورٹ: امجد علی / ادارت: عابد حسین 30 جولائی 2009

اِس سال کے بُکر پرائز کے لئے، جن تیرہ ادیبوں کو نامزد کیا گیا ہے، اُن میں اے ایس بائٹ اور جے ایم کوئٹزی بھی شامل ہیں، جو پہلے بھی یہ انعام حاصل کر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Izsq
دو ہزار آٹھ کا بُکر پرائز جیتنے والے نوجوان بھارتی ادیب اروند اڈیگا اپنے ایوارڈ کے ساتھتصویر: AP

اِس سال اے ایس بائٹ کو اُن کی کتاب ’’دا چلڈرن بُک‘‘ کے لئے جبکہ جے ایم کوئٹزی کو اُن کے ناول ’’سمر ٹائم‘‘ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ بائٹ نے اِس سے پہلے بُکر پرائز 1990ء میں جیتا تھا، اپنی تخلیق "Posession" کے لئے۔ اپنی نامزد کردہ تازہ ترین کتاب میں اُنہوں نے وکٹورین عہد کے آخری دنوں میں بچوں کی زندگی کو موضوع بنایا ہے۔

Galerie Nobelpreis 2003 J.M. Coetzee Literatur
جنوبی افریقی ادیب جون میکسویل کوئٹزیتصویر: AP

سن 2003ء میں ادب کا نوبل انعام حاصل کرنے والے جے ایم کوئٹزی اِس سے پہلے دو بار بُکر پرائز جیت چکے ہیں۔ کوئٹزی نے، جو آج کل آسٹریلیا میں رہتے ہیں، 1999ء میں اپنی کتاب "Disgrace" کے لئے جبکہ 1983ء میں ’’لائف اینڈ ٹائمز آف مائیکل کے‘‘ کے لئے یہ انعام حاصل کیا تھا۔

ادب کی دُنیا میں زبردست اہمیت کا حامل یہ سالانہ اعلیٰ اعزاز دولتِ مشترکہ یا ری پبلک آف آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے کسی ادیب کی فکشن کے شعبے میں انگریزی زبان میں لکھی جانے والی بہترین تخلیق پر دیا جاتا ہے۔ بُکر پرائز کے لئے نامزدگی ہی کسی کتاب کے لئے دنیا بھر میں مقبولیت اور ریکارڈ فروخت کی ضمانت ہوتی ہے۔

Arundhati Roy
بھارتی ادیبہ ارون دھتی رائے نے اپنی کتاب ’’دا گاڈ آف سمال تھنگز‘‘ کے لئے بُکر پرائز جیتا تھاتصویر: AP

یہ انعام سن 1969ء میں شروع کیا گیا تھا اور تب سے بیالیس کتابیں یہ انعام حاصل کر چکی ہیں۔ 1974ء اور 1992ء میں یہ انعام دو دو ادیبوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ 2008ء کا بُکر پرائز نوجوان بھارتی ادیب اروِند اڈیگا نے جیتا تھا، اپنی کتاب ’’دا وائٹ ٹائیگر‘‘ کے لئے۔

اِس سال جو تیرہ کتابیں نامزد کی گئی ہیں، اُن میں سارہ ہال کی ’’ہاؤ ٹو پینٹ اے ڈیڈ مَین‘‘، جیمز لیور کی ’’می چیتا‘‘، سائمن میور کی ’’دا گلاس روم‘‘ اور سارہ واٹرز کی ‘‘دا لٹل سٹرینجر‘‘ شامل ہیں۔ اِن تیرہ نامزد کتابوں میں سے کن کتابوں کے لئے یہ انعام جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں، اُن کی مختصر فہرست کا اعلان آٹھ ستمبر کو کیا جائے گا جبکہ کامیاب کتاب اور ادیب کے نام کا اعلان چھ اکتوبر کو لندن کے گِلڈ ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا جائے گا۔