1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی اداکار سلمان خان پچاس سال کے ہو کر بھی ہیرو

امجد علی27 دسمبر 2015

بھارتی فلمی صنعت کے صفِ اول کے اداکار سلمان خان نے اپنی پچاس ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ اُنہیں لگتا ہے، وہ ستائیس سال کے ہو گئے ہیں۔ پوری فلمی دنیا اُنہیں سالگرہ پر مبارک باد کے پیغامات دے رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HUBT
Indien Schauspieler Salman Khan
بھارتی اداکار سلمان خانتصویر: picture alliance/AP Photo/R. Kakade

سلمان خان کی پچاس ویں سالگرہ کے موقع پر ممبئی کے ایک فارم ہاؤس میں ایک شاندار تقریب سجائی گئی، جس میں انیل کپور، کرشمہ کپور اور پریم چوپڑہ جیسی چوٹی کی فلمی شخصیات کے ساتھ ساتھ اس اداکار کے بہت سے پرستاروں اور مداحوں نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب میں بالی وُڈ کے دو دیگر بڑے خان شاہ رخ خان اور عامر خان شریک نہیں ہوئے۔

گزشتہ رات ٹھیک بارہ بجے یہ تقریب برپا کی گئی، جس میں سلمان خان نے ’ہیپی برتھ ڈے‘ کے شور میں اپنی گولڈن جوبلی کا کیک کاٹا۔ بعد ازاں اس تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں اور اس اداکار کو مبارک باد دی گئی۔

سلمان خان کو مبارک باد دینے والوں میں مایہ ناز بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر بھی شامل ہیں۔ چھیاسی سالہ لتا منگیشکر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سلمان خان کو زندگی کے پچاس شاندار سال پورے کرنے پر تہنیت کا پیغام روانہ کیا ہے۔

اس پیغام کے ساتھ ساتھ لتا نے ایک گیت ’میرے رنگ میں رنگنے والی‘ کا لِنک بھی منسلک کیا ہے۔ گلوکار ایس پی بالاسبرامنیم نے یہ گیت سلمان خان کی بطور ہیرو ’میں نے پیار کیا’ کے لیے گایا تھا، جو 1989ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ نوّے کے عشرے میں ایس پی بالاسبرامنیم کی آواز کو سلمان خان کے لیے موزوں خیال کیا جاتا تھا۔

وہ اپنے طویل کیریئر میں اسّی سے زائد ہندی فلموں میں اداکاری کے جوہر دیکھا چکے ہیں۔'دبنگ‘ فلم کے ہیرو سلمان خان آج کل یش راج فلمز کی فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور عام زندگی میں بھی اُنہی مونچھوں کے ساتھ نظر آتے ہیں، جو اُن کے فلمی کردار کے لیے مخصوص ہیں۔

Indien Boolywood Spielfilm "Bajrangi Bhaijan" Poster
سلمان خان کی ہِٹ فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کا پوسٹرتصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

اب سے چند سال پہلے تک ایک ایسا وقت بھی تھا، جب سلمان خان کی تقریباً تمام فلمیں مسلسل ناکامی سے دوچار ہو رہی تھیں تاہم آج کل ان کی قسمت کا ستارہ عروج پر ہے۔ رواں سال اُن کی دو فلمیں ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’پریم رتن دھن پائیو‘ دونوں ہی باکس آفس پر ہِٹ رہیں۔

اس سال ممبئی کی ہائیکورٹ نے سلمان خان کو 2002ء کے ’ہِٹ اینڈ رَن‘ کے ایک مقدمے میں بری کر دیا۔ تیرہ برس قبل سن 2002 میں سلمان خان نے مبینہ طور پر ممبئی میں سڑک کے کنارے واقع ایک فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے کچھ افراد پر گاڑی چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص مارا گیا تھا۔ اس کیس کی ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوا تھا کہ سلمان خان شراب پی کر گاڑی چلا رہے تھے۔

Nachbildung von Bollywoodstar Salman Khan wird in Neu Delhi verbrannt
1993ء کے ممبئی بم دھماکوں میں سزا یافتہ یعقوب میمن کے حق میں ٹوئٹر پیغامات کے باعث اس سال سلمان خان کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں اُن کے پتلے بھی جلائے گئےتصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Topgyal

جہاں اس کیس کا فیصلہ سلمان خان کے لیے اطمینان کا باعث بنا، وہیں وہ اس سال ٹوئٹر پر اپنے کچھ متنازعہ پیغامات کی وجہ سے ہدفِ تنقید بھی بنے۔ اپنے اِن پیغامات میں اُنہوں نے 1993ء کے ممبئی بم دھماکوں میں سزا پانے والے یعقوب میمن کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ اُسے اُس کے بھائی ٹائیگر کے گناہوں کی پاداش میں پھانسی پر نہیں لٹکایا جانا چاہیے۔ ان پیغامات پر احتجاجی مظاہرے شروع ہونے پر سلمان خان نے معافی مانگ لی تھی۔